• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان، پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی 36 انچ پائپ لائن میں دھماکا، صنعتیں، پاور سیکٹر اور گھریلو صارفین متاثر

رحیم یار خان(ٹی وی رپورٹ)رحیم یارخان میں رات گئے 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں دھماکا اور آگ لگنے کے باعث پنجاب کے کئی علاقوں میںپاور سیکٹر، گھریلو اور صنعتی صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔جیو نیوز کے مطابق سوئی سے قادر آباد جانے والی 36 انچ قطر کی زیر زمین گیس پائپ لائن میں بھونگ کے مقام پر دھماکا ہوا اور قریبی کھیتوں میں آگ لگ گئی۔بم ڈسپوزل اسکواڈ، سول ڈیفنس کےعملے اور فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیوں کی مدد سے 7 گھنٹوں کی کوششوں کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔آگ سے گنے کی فصل اور باغات کو شدید نقصان پہنچا۔اسسٹنٹ کمشنر عباس رضا کے مطابق پائپ لائن میں آگ زیادہ پریشر کے باعث لگی تھی، پائپ لائن کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔گیس لائن میں دھماکے کے بعد ملتان، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور سرگودھا سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی معطل ہونے پر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ واقعے میں تخریب کاری کا عنصر نہیں ملا۔ادھر فیصل آباد کی ٹیکسٹائل انڈسٹری سمیت پنجاب کے صنعتی علاقوں میں بھی گیس کی فراہمی بند ہونے سے پیداواری عمل شدید متاثر ہوا ہے۔این این آئی کے مطابق کراچی تا اسلام آباد صنعتوں، گھریلو صارفین اور گیس اسٹیشنز کو ری لیکویفائیڈ نیچرل گیس (آر ایل این جی) فراہم کرنے والی پائپ لائن کو رحیم یار خان میں بم حملے میں نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں متعدد علاقوں کو گیس کی فراہمی معطل ہوگئی۔ریسکیو 1122 کے حکام نے بتایا کہ سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ(ایس این جی پی ایل) کے ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا جسے صادق آباد میں بھونگ روڈ پر بھونگ سوئی گیس رپیٹر اسٹیشن کے قریب نصب کیا گیا تھا،ایس این جی پی ایل کے چیف انجینئر ٹرانسمیشن محمد شعیب نے بتایا کہ آر ایل این جی کی 36 انچ قطر اور 0.588 انچ موٹائی کی پائپ لائن ایک سال قبل کراچی سے اسلام آباد تک گیس اسٹیشنوں اور گھریلو صارفین کو گیس فراہم کرنے کیلئے بچھائی گئی تھی۔

تازہ ترین