بھارت کا ’ گندا‘ گاؤں

January 11, 2019

بھارت میں کئی گاؤں ایسے ہیں جو اپنے نام کی وجہ سے باعث شرمندگی بنتے ہیں جن میں ایک ’ گندا‘ نامی گاؤں بھی تھا جس کا نام اب تبدیل کیا جا چکا ہے۔

بھارت کی شمالی ریاستوں ہریانہ اور راجستھان میں متعدد دیہات برسوں سے اپنے عجیب و غریب نام تبدیل کرنے کے لیے کوشاں ہیں ۔

گندا گاؤں سے تعلق رکھنے والے ایک دیہاتی نے 2016 میں وزیراعظم نریندر مودی کو اپنے گاؤں کا نام تبدیل کرنے کی درخواست لکھی تھی۔انہوں نے درخواست میں مؤقف اپنایا تھا کہ سب ہمارے گاؤں کے نام کا مذاق اڑاتے ہیں ۔

بعد ازاں 2017 میں نریندر مودی نے گاؤں کا نام تبدیل کرنے کے احکامات دیے جس کے بعد آج یہ گاؤں اجیت نگر کے تبدیل شدہ نام کے ساتھ بھارت کی شمالی ریاست ہریانہ میں موجود ہے۔

مقامی افراد کے مطابق گاؤں کا نام ’گندا‘ اس وقت پڑا جب دہائیوں پہلے سیلاب نے تباہی مچائی تھی۔ اس وقت ایک افسرنے سیلاب کی تباہ کاری کے بعد دورہ کیا اور گاؤں کی تباہ شدہ حالت دیکھ کر اس کا نام گندا رکھ دیا۔

گاؤں کے نام کی وجہ سے یہاں کی لڑکیوں کے رشتے نہیں آتے تھے تاہماب حالات تبدیل ہو چکے ہیں۔

واضح رہے بھارت میں بہت سے گاؤں ایسے ہیں جن کے عجیب و غریب نام تھے جن میں سے 50 دیہاتوں کے نام تبدیل کرنے کی درخواست کی جا چکی ہے تاہم ان میں سے 40 کے نام تبدیل کئے جا چکے ہیں۔