کراچی کے تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ بورڈز تشکیل دینےکا فیصلہ

January 14, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )کمشنر کراچی افتخار شالوانی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں ٹریفک کا نظم وضبط ٹھیک کر نے اور ٹریفک دبائو کو دور کر نے کے لئے تمام اضلاع میں ٹریفک مینجمنٹ بورڈز قائم کئے جائیں گے،ڈی آئی جی ٹریفک جاوید مہر اور ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین نے اجلاس کو چارجڈ پارکنگ کے مقامات پرسنگل لین پارکنگ کی خلا ف ورزی اور ڈبل پارکنگ کی شکایت دور کر نے کے لئے کی جانے والی کارروائی کی تفصیلات سے آگاہ کیا،اجلاس میں تمام ڈپٹی کمشنرز تمام ایس ایس پی ٹریفک ، ٹریفک انجینئر نگ بیورو کے سینئر ڈائریکٹراور ڈائریکٹر انجینئرنگ نے بھی شر کت کی کمشنر نے کہا کہ کمرشل عمارتیں پارکنگ کے لئے مخصوص جگہ کو صرف پارکنگ کے لئے استعال کریں تاکہ ان کی وجہ سے ٹریفک دبائو نہ بڑھے خریداروں کو عمارتوں کے اندر جہاں پارکنگ کی سہولت فراہم کی گئی ہے وہ انھیں میسر آئے اجلاس میں چارجڈ پارکنگ میں ڈبل پارکنگ کے خلاف کارروائی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر جنوبی صلاح الدین نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے ٹریفک پولیس کے تعاون سے عبد اللہ ہارون روڈ، صغیر شہید روڈ اور مینسفیلڈ روڈ پر کارروائی کر کے ڈبل پارکنگ ختم کی گئی ہے علاوہ ازیں سول لائنز سب ڈویثرن میں اسسٹنٹ کمشنر تین تلوار ، گلف سینٹر ، ار سی ٹی سی شاپنگ مال اور شیل پیٹرول پمپس پر ہونے والی ڈبل پارکنگ پر کنٹریکٹر کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور ْغیر قانونی چارجڈ پارکنگ کو ختم کیا گیا ہے،کارروائی میں 72 گاڑیوں کو ضبط کیا گیا ہے،اسسٹنٹ کمشنر لیاری نے لیاری میں مختلف مقامات پر کارروائی کرکے غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کارروائی کی بتایا گیا کہ میراں ناکہ تا بکراپیڑی،مرزا آدم خان روڈ ، نواب محبت خانجی روڈ ، شیدی ویلیج روڈ اور چاکیوارہ میں کارروائی کی گئی ۔