’’سندھ حکومت کو گیس کا غبارہ کہا جارہا ہے‘‘

January 16, 2019

سندھ کے مشیر اطلاعات مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت گیس کا غبارہ ہے اور پن ان کے ہاتھ میں ہے، شاید اسی سوچ کی وجہ سے انہوں نے یہاں کی گیس بند کی، سندھ کو اس کا آئینی حق دیا جائے۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گیس والے غبارے کی بات کرنے والے کراچی کی گیس روک کر زیادتی کر رہے ہیں،سازشی عناصر نے گیس بند کر کے پابندی لگائی تھی۔

انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں امن و امان سے متعلق اجلاس ہوا ہے،جس میں امن و امان اور پولیس سے متعلق ہفتہ روزہ بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مشیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے اہم ایونٹ کی پلاننگ سے متعلق پولیس سے دریافت کیا ہے اور ان ایونٹس کی سیکیورٹی پر بریفنگ لی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ کراچی کا مثبت پہلو دنیا کے سامنے اجاگر کر سکیں، وفاقی حکومت مرکزی اور پنجاب حکومت پر نظر ڈالے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کل تحریک انصاف کے دو وزراء نے کہا کہ فواد چوہدری جو کر رہے ہیں وہ پارٹی کا ایجنڈا نہیں، تحریک انصاف اپنی وفاقی حکومت پر نظرڈالے ان کے اتحادی ان سے خوش نہیں ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ مستقبل میں پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہونے والے ہیں، جس کے لیے غیرملکی کھلاڑی آ رہے ہیں، اجلاس میں کمشنر کراچی اور سیکریٹری داخلہ سے مختلف ایونٹ کے لیے حکمت عملی پر بات کی گئی ہے

مشیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کاوش کے بعد گزشتہ سال پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں ہوا تھا، جس کے لیے سندھ حکومت نے تمام چیزوں کا بہتر طریقے سے انتظام کیا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل کے میچز کراچی میں ہونا سندھ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کامیابی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کراچی میں منشیات پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور منشیات کی روک تھام سے متعلق بریفنگ لی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت مخلوط حکومت نہیں پارٹی کے اپنے ایم پی ایز پر مشتمل حکومت ہے ، جو آج بھی صرف کام پر توجہ دیتی ہے۔

مشیر اطلاعات سندھ مرتضیٰ وہاب نے یہ بھی کہا کہ سندھ حکومت کا ایک ہی ایجنڈا ہے کہ عوام کو کیسے ریلیف فراہم کیا جائے۔