’’ٹیسٹ میں ٹی ٹوئنٹی ٹیم کھلانے سے شکست ہوئی‘‘

January 18, 2019

سابق ٹیسٹ فاسٹ بولر اور ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ سیریز میں ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم کھلائی گئی اس لیے شکست ہوئی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اُن کا مزیدکہنا ہے کہ ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم کے پاس جیتنے کا موقع ہے لیکن مائنڈ سیٹ تبدیل کرنا ہو گا۔

سابق ٹیسٹ کرکٹر نے کہا کہ مائنڈ سیٹ تبدیل کریں، ون ڈے سیریز میں بہت چانس ہے،ون ڈے سیریز میں پاکستان ٹیم بہتر کارکردگی دکھائے گی،ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی کارکردگی توقعات کے مطابق رہی۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کی ٹیم کو ٹیسٹ کھلا ئیں گے تو نتیجہ تین صفر ہی ہو گا، پاکستانی ٹیم کے پاس ایسا کوئی بولر نہیں جو بیٹسمینوں پر دباؤ ڈال سکے۔

عاقب جاوید نے مزید کہا کہ سرفراز احمد سوچ رہا ہے کہ اسے کپتان ہونا بھی چاہیے یا نہیں، چیئرمین کو یہ کہنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے کہ کپتان کو بیک کرتے ہیں،پاکستان ٹیم میں ایک جیسے بولر شامل کر لیے گئے ہیں۔