ڈیتھو کو تیسرا چارج، قائم مقام سیکریٹری اسکول ایجوکیشن مقرر

January 19, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) صوبائی حکومت نے بطور ڈائریکٹر پرائمری اسکولز، سیکنڈری اسکول ٹیچرز کی خلاف ضابطہ پوسٹنگ نکالنے والے افسرغلام عباس ڈیتھو کو تیسرا چارج دے کر قائم مقام سیکریٹری اسکول ایجوکیشن مقرر کردیا ہے غلام عباس ڈیتھو کے پاس اسپیشل سکریٹری تعلیم (قانون) کا بھی اضافی چارج ہے اس طرح وہ محکمہ تعلیم میں بیک وقت تین عہدے رکھنے والے پہلے افسر بن گئے ہیں اس وقت ان کے پاس سیکریٹری تعلیم، اسپشل سیکریٹری تعلیم اور ڈائریکٹر پرائمری اسکولز کراچی کے چارج ہیں۔غلام عباس ڈیتھو کو سٹی گورنمنٹ سے چند ماہ قابل تبادلہ کر کے محکمہ تعلیم بھیجا گیا تھا وہ بنیادی طور پر پی ایس ایس افسر ہیں۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن میں دوسرے سیکریٹری تعلیم نسیم نواز جو بنیادی طور پر پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروسز (ڈی ایم جی ) گروپ سے سے تعلق ہے انھیں سائیڈ لائن کر رکھا ہے اسی لیئے انھیں قائم مقام سکریٹری تعلیم مقرر نہیں کیا گیا۔ سکریٹری اسکولز ایجوکیشن قاضی شاہد پرویز ایجوکیشن ورلڈ فورم میں سندھ کی نمائندگی کے لیئے برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں۔ وزیر تعلیم کے پرائیویٹ سکریٹری حلیم سومرو کا کہنا تھا کہ وزیر تعلیم سردار علی شاہ کو ٖغلام عباس ڈیتھو کی جانب سے بطور ڈائریکٹر پرائمری خلاف ضابطہ پوسٹنگ آڈر نکالنے کا علم ہے وہ آڈر منسوخ ہوں گے اور ان کے خلاف کارروائی بھی ہوگی۔ وزیر تعلیم کے ترجمان سعید میمن نے غلام عباس ڈیتھو کو تیسرا چارج دینے کے حوالے سے کہا یہ بڑوں کے فیصلے ہیں وہی جانیں۔