پاکستان وائٹ واش شکست کا داغ دھونے کیلئے پُرعزم، جنوبی افریقاکیخلاف پہلا ون ڈے آج ہوگا

January 19, 2019

پورٹ ایلزبتھ( جنگ نیوز) ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش صدمے سے دوچار پاکستانی کر کٹ ٹیم کے کھلاڑی ون ڈے میں اپنی مہارت اور ٹیسٹ سیریز کی شکست کا داغ دھونےکے لئے ہفتے کو جنوبی افریقا کے مد مقابل ہوں گے، میچ پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 4 بجے شروع ہوگا۔2013 میں مصباح الحق کی قیادت میں پاکستان نے جنوبی افریقا میں تاریخ کی پہلی ون ڈے سیریز جیتی تھی،اسکے بعد سے دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ہفتے کو آمنے سامنے ہونگیں،پہلے ون ڈے انٹر نیشنل سے قبل پاکستانی ٹیم نے پورٹ الزبتھ میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔چیف سلیکٹر انضمام الحق نے بھی پریکٹس سیشن دیکھا۔ون ڈے ٹیم کے لئے پہنچنے والے کھلاڑیوں شعیب ملک،محمد حفیظ،عماد وسیم ،عثمان شنواری نے پہلی بار ٹیم کے ساتھ پریکٹس کی۔پورٹ الزبتھ وہی مقام ہے جہاں پاکستان نے ایک رن کی فتح سے جنوبی افریقا میں واحد سیریز جیتی تھی،ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پاکستانی کپتان اور کچھ کھلاڑی قدرے پریشانی کا شکار ضرور ہوسکتے ہیں تاہم ایک روزہ کرکٹ کی نئی بیٹری نے ٹیم کو جوائن کرکے نیا جذبہ دیا ہےکھلاڑی محدود اوورز کی سیریز جیت کر ورلڈ کپ کے سال کا آغاز کامیابی سےکرنے کے لئے پرعزم ہیں،پاکستانی ٹیم میں تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شمولیت کے بعد ٹیم متوازن دکھائی دیتی ہے، ،جنوبی افریقی ٹیم میں 2 کھلاڑیوں اولیویئر اور ڈیر ڈوسن کو ون ڈے کیپ ملے گی،عمران طاہر اور تبریز شمسی میں سے کوئی ایک سلیکٹ ہوگا،عمران طاہر کے امکانات زیادہ ہیں،پاکستانی ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں میںامام الحق اور فخر زمان اوپنر کے علاوہ بابر اعظم ون ڈائون ہوں گے، دیگر کھلاڑیوں میں شعیب ملک، محمد حفیظ، سرفرازاحمد،حسین طلعت، شاداب خان، محمد عامر، شاہین آفریدی، حسن علی شامل ہیں۔ دونوں ٹیموں کے مابین 1992-2017تک 73ون ڈے میچز ہوئے جس میں سے پاکستان کی ٹیم نے 25جیتے 47ہارے اور ایک کا نتیجہ نہیں نکل سکا ۔آئوٹ فیلڈ تیز ہے،زیادہ رنز بننے کے امکانات روشن ہونگے ،میچ کے اختتامی لمحات میںا سپنرز کومدد ملے گی،وکٹ بیٹنگ مگر ہلکی بائونسی ہوسکتی ہے ،میچ کے آغاز سے قبل ہلکی بارش کا امکان ہے،اسکے بعد موسم صاف رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ،پاکستان اس مقام پر 3 میچوں میں اب تک ناقابل شکست رہا ہے ۔