سندھ میں وفاقی وزرا ہرگھر سے جئے بھٹو کے نعرے سنیں گے،پی پی اسپین

January 20, 2019

بارسلونا (شفقت علی رضا) سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت کو خطرہ نہیں، وفاقی حکومتی نمائندے مل کر سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ختم کرنے کا جو خواب دیکھ رہے ہیں وہ کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو گا، حکومتی وزراء جتنے چکر لگا سکتے ہیں لگالیں سب رائیگاں جائے گا کیونکہ سندھ میں بھٹو زندہ باد کے نعرے ہر گھر میں سنائی دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی اسپین کے عہدیداران چیف آرگنائزر پی پی پی اسپین حافظ عبدالرزاق صادق، اشرف مغل، شاہد لطیف گجر، عام پارٹی کے نعیم بھٹی، ارشاد اللہ بھٹی نے جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پی پی پی کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو کی مثبت اور پائیدار سوچ وطن عزیز کو حقیقی معنوں میں ترقی کی طرف گامزن کرے گی کیونکہ آنے والا کل اور پاکستان کا اقتدار بلاول بھٹو زرداری کوبہت جلدملنے والا ہے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی قربانیوں کا دوسرا نام ہے اور ہمارے جیالے کسی کی طاقت یا اختیارات سے ڈرنے والے نہیں ہیں، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کا اکھٹے چلنے کا اعلان پاکستان کی سالمیت اور بقا کے لئے ضروری ہے کیونکہ موجودہ حکومت نے غریب عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں، مہنگائی کا جن بوتل میں بند کرنا موجودہ حکومت کے لئے انتہائی ناگزیر ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور اُن کی ٹیم نے جو وعدے عوام کے ساتھ کئے تھے وہ کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کرسکےجو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، پیپلز پارٹی اسپین کے عہدیداران کا کہنا تھا کہ مختلف جماعتوں کا الحاق یا اتحاد ذاتی مفاد کے لئے نہیں بلکہ ملکی استحکام کے لئے ضروری ہوتا ہے، موجودہ حکومت بھی مختلف سیاسی جماعتوں کے الحاق سے وجود میں آئی ہے اور حکومتی ناکامیاں اس اتحاد کو بہت جلد توڑ دیں گی ، اس موقع پر عام لوگ پارٹی کے سینئر رہنما نعیم بھٹی کنجاہ کا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے تمام سیاسی پارٹیاں ایک پلیٹ فارم پر اکھٹی ہو جاتی ہیں جس سے ترقی کی منازل طے کرنے میں آسانی ہوتی ہے۔ آرگنائزر پیپلز پارٹی اسپین حافظ عبدالرزاق صادق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو یورپ میں مزید مستحکم اور فعال بنانے کے لئے پالیسیاں ترتیب دی جا رہی ہیں جو بہت جلدسامنے آجائیں گی۔