حلقہ ارباب ذوق کا سابق جسٹس ثاقب نثار کو خراج تحسین

January 20, 2019

لیورپول (پ ر) حلقہ ارباب ذوق برطانیہ کی خصوصی نشست میں پاکستان کے چیف جسٹس میاںثاقب نثار کی ریٹائرمنٹ کے موقع پر شمالی انگلستان کے ادیبوں اور دانشوروں کی جانب سے تہنیتی ریفرنس پیش کیا گیا۔ جس میں انکی اعلیٰ قومی خدمات کے حوالے سے خراج تحسین پیش کیا گیا۔ حلقہ ارباب ذوق کے چیئرپرسن محمد انور نے میاں ثاقب نثار کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ کے سر براہ کی حیثیت سے ان کا دور ایک درخشندہ باب ہے وہ صحیح معنوں میں عوامی جج تھے۔ پاکستان کے اعلیٰ عدالتی نظام کی بھول بھلیوں میں بہتری کے علاوہ کرپشن، دہشت گردی کے قلع قمع ، پانی، بجلی، امن عامہ، ماحولیات،صحت، تعلیم، جیسے پیچیدہ مسائل پردوررس اور دلیرانہ فیصلے دئیے جو ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین ڈاکٹر طاہر جاوید، جنرل سیکرٹری روبینہ خان اور کلچر سیکرٹری سیدہ فردوس شاہ نے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی تقرری کو خوش آئند قرار دیا۔ اعلیٰ عدلیہ میں ان کے فیصلے اور شگفتہ تحریریں قانونی تقاضوں کے علاوہ ادبی شاہکار بھی ہیں۔ مانچسٹر کے معروف شاعر لیاقت علی عہد نے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے عہد کو خوب صورت الفاظ سے یاد کیا۔ کونسلر یاسمین کومل، خزینہ شعر و نغمہ کی صدر نغمانہ کنول، ڈاکٹر یونس پرواز، شارق خان،میاں محمد ارشد، خواجہ محمد انور، محمد صفدر، میجر طاہر سعید، ڈاکٹر شہناز سومجی، ڈاکٹر نورین محی الدین اور دیگر احباب نے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔