پاکستان کی سمت درست،دہشتگردی کیخلاف مثالی کردار ادا کیا،صدر جنرل اسمبلی

January 20, 2019

اسلام آباد (خبرایجنسیاں) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاہے کہ پاکستان خوبصورت ملک ہے، وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے، نیا مستقبل غربت و بدعنوانی کے خاتمے ، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ پرمبنی ہے، ملک درست سمت کی طرف گامزن ہے ، اعلیٰ عہدوں پر کام کرنے والی متعدد خواتین میں انتہائی بہتری آئی ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا مثالی کردارہے،عالمی برادری نے اس کی انسداد دہشت گردی کی کوششوں کا اعتراف کیا ، پاکستان کا علاقائی امن اورسلامتی میں کردارقابل تعریف ہے، 20لاکھ افغان پناہ گزین اب بھی پاکستان میں رہائش پذیر ہیں، پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشن میں انتہائی اہم کردارادا کیا، امید ہے پاکستان ہماری امن کی کارروائیوں کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان میں اقوام متحدہ کی ٹیم حکومت کے ساتھ غربت اور عدم مساوات کے خلاف کام کررہی ہے ۔ریڈیوپاکستان کو خصوصی انٹرویو میںاقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ فرنینڈا اسپینوزا نے کہاہے کہ یہ دیکھ کر انہیں حوصلہ ملا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت پاکستان کے عوام کا مستقبل سنوارنے کیلئے کمربستہ ہے، پاکستان ایسا خوبصورت ملک ہے جہاں دنیا کیلئے دیکھنے کے دلکش مناظر موجود ہیں ،اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقبل مندوب ملیحہ لودھی کا خصوصی طورپر ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نیویارک میں ان کی ایک موثر آواز ہے ۔