یوکے اسلامک مشن، برطانیہ میں نوجوان نسل کو دین اسلام سےجوڑنے کیلئے کوشاں

January 21, 2019

لوٹن (شہزاد علی) برطانیہ میں یوں تو مسلمانوں کی متعدد تنظیمیں موجود ہیں جو سب احسن انداز میں دین کی ترویج میں مصروف ہیں ایسی ہی ایک تنظیم یوکے اسلامک مشن ہے اس کی بنیاد 1962ء میں لندن کی ایک چھوٹی سی مسجد میں رکھی گئی مگر آج برطانیہ بھر میں یوکے اسلامک مشن کی کئی مساجد ہیں اور مسلمانوں کی بہتری کے لیے کئی منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ یہ تنظیم عالم اسلام کی ممتاز علمی شخصیت سید ابوالاعلی مودودی کی فلاسفی کی امین ہے اور یہ تنظیم مغرب میں اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دے رہی ہے اور ساتھ ہی مغربی ممالک کے قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے کشمیر اور دیگر مقبوضہ مسلم ممالک کی انسانی حقوق کی تحریکوں اور پاکستان کے اندر مختلف فلاحی اور رفاحی تنظیموں کی اعانت بھی کی جارہی ہے اور خاص طور پر اس مقصد کو پیش نظر رکھا گیا کہ برطانیہ کے مغربی معاشرے میں مسلمان کس طرح کی سرگرمیاں کریں کہ جن سے ہماری نوجوان نسلوں کو یہاں مستقبل محفوظ رہ سکے یہ وژن اجاگر کیا گیا کہ برطانوی مسلمان کیسے اپنے دین پر بھی قائم رہیں اور ساتھ ہی وسیع معاشرے میں ایک فعال فرد کا کردار ادا کریں۔ اس مقصد کے لیے پہلے تو جو امیگرنٹس مسلم تھے ان کی فوری ضروریات کے پیش نظر مسجدیں اور مدرسے قائم کیے گئے پھر ایسی کئی سرگرمیاں برطانیہ بھر میں ترتیب دی گئیں جن سے اسلام کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد مل سکے انگریزی میں لٹریچر تیار کیا گیا اس تنظیم نے انٹر فیتھس پروگراموں کے تحت میزبان کمیونٹیز کے ساتھ بہتر تعلقات کار کے لیے گراں قدر کام کیا اس سے متعلقہ امام حضرات ہسپتالوں اور جیلوں کے دورے بھی کرتے ہیں اور ان مقامات کے علاوہ لائبریریوں اور بعض تعلیمی اداروں میں بھی اسلامی لٹریچر مہیا کرتی ہے کم و بیش پانچ ہزار بچوں کو دینی تعلیم بھی مہیا کی جارہی ہے اور کئی غیر مسلم مستحق افراد کو کھانا بھی یہ تنظیم مہیا کرتی ہے ان سرگرمیوں سے اسلام اور مسلمانوں کا بہتر تصور اور مثبت چہرہ اجاگر کرنے میں مدد مل رہی ہے لوٹن میں اوک روڈ پر مدینہ مسجد یوکے اسلامک مشن کا ادارہ ہے یہاں پر مشن کی برانچ نہایت فعال ہے ممتاز علما علامہ علامہ محمد اقبال اعوان اور قاری نذیر محمد یہاں پر تبلیغ دین میں مصروف رہتے ہیں کمیونٹی کا ایک خاصا پڑھا لکھا طبقہ اس ادارے سے منسلک ہے۔ برادر محمد ریاض ولی، برادر ندیم تابانی، برادر مقصود اعوان، اقدس مغل، ادریس مغل، چوہدری محمد شریف، شوکت بٹ چوہدری محمد رمضان اور متعدد دیگر لوٹن برانچ کیلئے شبانہ روز محنت کرتے دکھائی دیتے ہیں اس ادارے میں غیر مسلموں کو بھی دعوت دی جاتی ہے۔ حالیہ عرصے میں اس تنظیم نے ایک اور منفرد روایت یہ ڈالی ہے کہ اپنی مساجد اور دینی مراکز سے باہر کمیونٹی ہالز یا کسی ریستوران کے وسیع و عریض ہال میں برصغیر سے متعلق معروف شعرا ، نعت خواں حضرات کو مدعو کیا جاتا ہے اور ساتھ ہی کسی ضرورت مند ادارے کی مدد کے لیے عطیات بھی جمع کیے جاتے ہیں۔ اسی طرح کا ایک پروگرام گزشتہ روز لوٹن میں منعقد کیا گیا جس میں پاکستان کے یتیم بچوں کے لیے فنڈ ریزنگ کی گئی پروگرام میں لوٹن کی مقامی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی یوکے اسلامک مشن کے مدینہ مسجد لوٹن کے خطیب مولانا اقبال اعوان نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض انجام دئیے جب کہ تنظیم کے برطانیہ کے سیکرٹری جنرل محمد ریاض ولی نے ابتدائی کلمات اور یوکے اسلامک مشن کا تعارف کریا مشہور نعت خواں سید فصیح الدین سہروردی، نعمان شاہ، تیمور جنید جمشید اور اور احسان تمحید نے بہت خوبصورت انداز میں نعتوں کے نذرانے پیش کیے آزاد کشمیر سے تشریف لائے ہوئے جماعت اسلامی آزاد کشمیر اور گلگت و بلتستان کے رہنما حبیب الرحمٰن آفاقی نے یتیم کی کفالت کی درجات و عظمت فضیلت قرآن و سنت کی روشی میں بیان کیا۔