امریکی شٹ ڈائون، ٹرمپ پیشکش مسترد ہونے پر برہم، پیلوسی کو انتباہ

January 21, 2019

واشنگٹن (جنگ نیوز /ایجنسیاں)امریکی شٹ ڈائون پر ٹرمپ نے اپنی پیشکش ڈیموکریٹس کی جانب سے مسترد کیے جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے ،تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شٹ ڈاؤن کے خاتمے کیلئے ڈیمو کریٹس کو نئی پیشکش کر دی۔غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکا میں طویل ترین شٹ ڈاؤن جاری ہے، وائٹ ہاؤس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پریس بریفنگ کے دوران کہا وہ عارضی اسٹیٹس امیگرینٹس کے ویزوں میں تین سال کی توسیع کیلئے تیار ہیں۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیشکش دی کہ وہ 7 لاکھ ڈاکا امیگرینٹس کو مزید 3 سال کیلئے پرمٹ جاری کرنے پر تیار ہیں، ڈیمو کریٹس اگر یہ پیشکش قبول کر لیں تو شٹ ڈاؤن ختم ہو جائے گا۔امریکا میں جاری جزوی شٹ ڈاؤن کے خاتمے کے لیے امریکی صدر کی پیشکش کو ایوان نمائندگان میں موجود ڈیموکریٹس نے مسترد کردیا۔ڈونلڈ ٹرمپ نے پیشکش کی تھی کہ اگر میکسکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کے لیے مطلوبہ فنڈز منظور کردیے جائیں تو وہ امریکا میں آنے والے غیرقانونی تارکین وطن کو عارضی طور پر تحفظ فراہم کریں گے۔ڈونلڈ ٹرمپ نے اس پیشکش کو ’ کامن سینس کامپرومائز‘ قرار دیا تھا لیکن ڈیمو کریٹس نے فوری طور پر ان کی پیشکش مسترد کردی تھی۔ امریکی شہریوں کی اکثریت کی جانب سے امریکی صدر کو شٹ ڈاؤن کا ذمہ دار قرار دیا جارہا ہے۔اس حوالے سے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ’ وہ چاہتے ہیں کہ کانگریس کے ساتھ معاملات ایک قدم آگے بڑھیں تاکہ حکومت کا شٹ ڈاؤن ختم ہو اور جنوبی سرحد کا بحران ختم کیا جاسکے۔