وسیم خان6فروری کو ایم ڈی کرکٹ بورڈ کا چارج لیں گے

January 22, 2019

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے نئے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان اپنی نئی ذمے داریاں سنبھالنے کے بعد لاہور اور کراچی کے میڈیا نمائندوں سے ملاقات کرینگے اورمستقبل کے پلان کے حوالے سےاعتماد میں لیں گے۔ اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر جنوبی افریقا کے دورے کے بعد وطن واپس آنے پر پریس کانفرنس کریں گے ۔ پی سی بی نے کلچر کو تبدیل کرتے ہوئے سیریز کے بعد بھی پریس کانفرنس کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسٹر شائر کائونٹی سے تعلق رکھنے والے وسیم خان اپنی ذمے داریاں چھ فروری کو سنبھالیں گے۔ پی سی بی نے وسیم خان کو کرکٹ امور کا نگراں مقرر کیا ہے جبکہ انتظامی معاملات چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد کے پاس چلے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم خان ممکنہ طور پر 9 فروری کو لاہور میں پہلی پریس کانفرنس کریں گے۔ اگلے دن وہ کراچی کے صحافیوں سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔ ان کے ساتھ دونوں پریس کانفرنس میں احسان مانی بھی موجود ہوں گے۔ پی سی بی نے پہلی بار ایم ڈی کا عہدہ متعارف کراتے ہوئےان کی تنخواہ بیس لاکھ روپے مقرر کی ہے اور انہیں پرکشش مراعات بھی دی جائیں گی۔