سرفراز نے ایسا کیا کہا کہ سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی

January 23, 2019

سرفراز احمد جنوبی افریقا کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کو دیکھ کر آپے سے باہر ہوگئے،اس دوران ساؤتھ افریقہ کے بلے باز پُھلا کوائیو کے بارے میں فقرے سے سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


سوشل میڈیا پر میچ کے حوالے سے ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر سرفراز احمد جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھلا کوائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کررہے ہیں۔

جنوبی افریقی بلے باز کے لیے کہا گیا فقرہ تضحیک آمیز قرار دیا جارہا ہے جو کہ سرفراز کے لیے مشکلات کا سبب بن سکتا ہے کیوں کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اس حوالے سے سخت مؤقف رکھتا ہے۔ سرفراز نسل پرستی کے مرتکب قرار پائے تو انہیں سزا ہوسکتی ہے۔

سرفراز کے جنوبی افریقی کرکٹر کے بارے میں مبینہ طور پر نسلی تعصب پر مبنی فقرے نے سوشل میڈیا پر تنازع کھڑا کردیا ہے اور کرکٹ شائقین انہیں آڑے ہاتھوں لے رہے ہیں، سوشل میڈیا پر سرفراز احمد کا مبینہ طور پر تضحیک آمیز جملہ موضوع بحث بنا ہوا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں آواز سنائی دے رہی ہے ،اردو زبان میں نسل پرستانہ جملے بولے جانے کے بعد جنوبی افریقا سے تعلق رکھنے والے کمنٹیٹر نے پاکستانی کمنٹیٹر رمیز راجا سے اس کا مطلب پوچھا۔

اس پر رمیز راجا نے کہا کہ اس کا ترجمہ کرنا خاصا مشکل ہے، یہ ایک طویل جملہ تھا۔ پھر رمیز راجہ نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ وہ کہنا چاہتے ہیں کہ کھلاڑی کافی خوش قسمت ہے۔

اس حوالے سے سکندر بخت کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اس طرح کے فقرے معیوب سمجھے جاتے ہیں اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، یہ سرفراز کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا ہے کہ یہ افسوسناک ہے، سرفراز کپتان ہے اس کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے، اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور وہ معطل بھی ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقا نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 5 وکٹ سے ہرایا، جنوبی افریقا نے 204 رن کا ہدف پانچ وکٹ پر حاصل کر لیا، ڈوسن 80 اور پھلاکوائیو 69 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 127 رن کی ناقابل شکست شراکت قائم ہوئی۔