یورپی یونین خلائی فورس کی تشکیل پر غور کرے، یورپین کمشنر

January 23, 2019

یورپین یونین کو بھی اپنی خلائی فورس تشکیل دینے پر غور کرنا چاہئے۔ یہ تجویز یورپین کمشنر برائے یورپین اسپیس ، انٹرنل مارکیٹ، انڈسٹری ، انٹرپرینورشپ اور SMEs الزبیتا بینکو وسکا نے برسلز میں اسپیس فار یورپ کے عنوان سے منعقدہ ایک کانفرنس میں دی ۔

انہوں نے کہا کہ مجھ سے کئی ممبر ریاستوں نے کہا ہے کہ یورپ کو بھی اپنے خلائی دفاع کو مظبوط کرنے کی طرف توجہ دینا چاہئے۔

الزبیتا بینکو وسکا نے کہا کہ اگر اس حوالے سے ہماری ممبر ریاستیں سوچ رہی ہیں تو کیوں نہ یورپین یونین کی سطح پر اس بات پر غور کیا جائے؟ اور یورپین اسپیس فورس کیلئے قلیل المدتی اور طویل مدت کے منصوبوں پر گفتگو کی جائے۔

خلاء سے متعلق یورپین ذرائع کے مطابق امریکا اور چین کے درمیان خلائی دفاع سے متعلق ایک دوڑ جاری ہے اور دونوں وہاں اپنے آپ کو زیادہ مسلح کر رہے ہیں ۔

یورپ میں خلائی فورس تشکیل دینے کا خیال امریکی صدر ٹرمپ کے اس بیان کے ایک سال کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے گذشتہ سال اس خواہش کا اظہار کیا تھا کہ ان کا ملک خلا میں اپنی ایک ملٹری برانچ تشکیل دے۔