کرن جوہر نے ہاردک پانڈیا تنازع پر خاموشی توڑ دی

January 23, 2019

کافی وِد کرن کے میزبان کرن جوہر نے شو کے دوران بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا کے خواتین سے متعلق نازیبا ریمارکس پر خاموشی توڑدی ہے۔

Your browser doesnt support HTML5 video.


ڈائریکٹر، پروڈیوسر اور میزبان کا کہنا ہے کہ ہاردک پانڈیا نے ریمارکس اُن کے شو میں دیئے اس لئے جو کچھ ہوا اس کے لئے وہ خود کو ذمہ دار سمجھتے ہیں۔

ہاردک پانڈیا اور کے ایل راہول کے بیان کے بعدکرکٹ بورڈ نے دونوں کرکٹر کو معطل کرکے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

کرن جوہر کا کہنا ہے کہ یہ میرا شو تھا اس لئے مجھے کہنا پڑے گا میں خود کو ذمہ دارسمجھتا ہوں، میں نے اُنہیں بحیثیت مہمان اپنے شو میں مدعو کیا لہٰذا شو کے اثرات میری ذمہ داری ہے۔

کافی وِد کرن کےمیزبان کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد میں نے کئی راتیں جاگ کر گزاری ہیں کہ اس نقصان کا مداوا کیسے کرسکتا ہوں، کون میری سنے گا، اب تو یہ معاملہ میرے کنٹرول سے باہر ہوچکا ہے۔

کرن جوہر نے تسلیم کیا کہ ریمارکس نامناسب تھے لیکن وہ سمجھ نہیں سکے کہ کیا ہونے جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کرکٹرز نے جو سوالات پوچھے وہ خواتین سمیت ہر کسی سے پوچھتے ہیں، دپیکا پڈوکون اور عالیہ بھٹ شو پر آئیں تو اُن سے بھی یہ سوالات پوچھے تھے، میرا اس پر کوئی کنٹرول نہیں کہ میرے سوال کا کیا جواب آرہا ہے۔