سرفراز احمد نے نازیبا کلمات پر معذرت کرلی

January 23, 2019

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران نازیبا کلمات پر معذرت کرلی ہے۔

سرفراز احمد کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا ہے کہ میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی ہے تو میں خلوص سے دل معافی چاہتا ہوں، غیر ارادی طور پر جملہ نکل گیا جو بدقسمتی سے اسٹمپ مائیک میں سنا گیا اور میرے الفاظ براہ راست کسی خاص شخص کے بارے میں نہیں تھے اور یقیناً میرا ارادہ کسی کو پریشان کرنا نہیں تھا۔




انہوں نے کہا کہ میرا مقصد ہرگز یہ نہیں تھا کہ جملے سنے جائیں یا مخالف ٹیم یا کرکٹ فینز تک پہنچیں، میں ماضی میں اپنے ساتھی کرکٹرز کی ملنساری اور دوستی کی تعریف کرتا رہا ہوں اور مستقبل میں بھی یہ عمل جاری رکھوں گا۔

دوسرے ایک روزہ میچ کے دوران سرفراز احمد نے مبینہ طور پر جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھلا کوائیو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے اداکیے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک تنازع کھڑا ہوگیا تھا۔

پاکستان کے سابق ٹیسٹ کرکٹرز نے بھی سرفراز احمد کے اس رویہ کو افسوسناک قرار دیا تھا۔

سکندر بخت کا کہنا ہے کہ کرکٹ میں اس طرح کے فقرے معیوب سمجھے جاتے ہیں اور خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، یہ سرفراز کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔

شعیب اختر کا کہنا تھا کہ یہ افسوسناک ہے، سرفراز کپتان ہے اس کو زیادہ محتاط رہنا چاہیے، اس طرح کے کمنٹس کا سخت نوٹس لیا جائے گا اور وہ معطل بھی ہو سکتے ہیں۔