ایسی عادتیں جو سردیوں میں بیمار نہ پڑنے دیں

January 31, 2019

کہتے ہیں احتیاط علا ج سے بہترہے، یعنی ہم اپنی عادات و اطوار کو بہتر کرلیں تو ہمیں ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت شاید نہ پڑے، ہماری صحت ہمارے اپنے ہی ہاتھ میں ہے۔ مثلاً آپ کو اسکول یا دفترمیں بیکٹیریا سے بچ کررہناہے اور سرد موسم میں ٹھنڈے پانی سے پرہیز کرناہے۔ اس قسم کی بہت سی احتیاطیں اور عادات ہیں، جن پر عمل کرکے آپ نزلہ و زکام سے بچ کر سردیاںگزار سکتے ہیں۔

سبزیاں کھائیں

ہری اور پتو ں والی سبزیاں وٹا منز سے بھرپور اور متوازن غذا کی ضامن ہوتی ہیں، ساتھ ہی یہ صحت مند نظام ِ مدافعت کو سپورٹ کرتی ہیں۔ چوہوں پر کی گئی ایک تحقیق کے مطابق ہری سبزیاں کھانے سے جسم کو ایک کیمیکل سگنل جاتاہے جس سے مخصوص سیل سرفیس پروٹینز بڑھ جاتےہیں، جو ایک کارگر مدافعتی نظا م کیلئے ضروری ہوتے ہیں۔ اس تحقیق میں وہ صحت مند چوہے،جن کو ہری سبزیوں سے دور رکھا گیا ان کے سیل سرفیس پروٹینز میں 70سے80فیصد کمی پائی گئی۔

وٹامن ڈی حاصل کریں

ایک رپورٹ کے مطابق وہ لوگ جو روزانہ وٹامن ڈی مطلوبہ مقدار سے کم حاصل کرتے ہیں، ان کی ہڈیوں کی نشوونما میں کمی، دل کے امراض میں زیادتی اور کمزور قوت مدافعت دیکھی گئی ہے۔ تحقیق اس بات پر بھی زور دیتی ہےکہ بچوں میں وٹامن ڈی کی مناسب سطح کو باقاعدگی سے چیک کرواتے رہنا چاہئے۔

یہ بات تو سبھی جانتے ہیںکہ وٹامن ڈی دھوپ یعنی سورج کی روشنی سے حاصل ہوتاہے تاہم انڈے کی زردی ، مشروم، سامن، ٹونا مچھلی اور گائے کی کلیجی بھی اس کے حصول کا عمدہ ذریعہ ہیں۔ آپ ڈاکٹر کے مشورے سےوٹامن ڈی کے سپلیمنٹ بھی حاصل کرسکتے ہیں۔

حرکت میں برکت

معمول کی ایکسرسائز کرتے رہنا، جیسے کہ ہفتے میں تین مرتبہ چہل قدمی ، آپ کو فٹ اور صحت مند رکھتی ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق معمول کی ایکسرسائز سے جسم میں ہونے والی انفلیمیشن (جلن یا سوزش) اور اسٹریس میں کمی ہوتی ہے کیونکہ اس سے اسٹریس کو کم کرنے والے ہارمونز ریلیز ہوتےہیں۔ ایکسرسائز سے بیماریوں کے خلاف لڑنے والے سفید خلیوں کی روانی میں تیزی آتی ہے اورانسان نزلہ و زکام سے محفوظ رہ سکتاہے۔

موزوں نیند

انسانی جسم کو درکار موزوں نیند لینے سے بہت سے وائرسز سے بچا جاسکتا ہے۔ امریکا کی آرکائیوز آف میڈیسن میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق بالغ افراد جو دو ہفتوں تک روزانہ کم سے کم سے8 گھنٹے کی نیند لیتےہیں، ان میں بیماریوں والے وائرسز سے لڑنے کی طاقت زیادہ ہوتی ہے۔ وہ لوگ جو7 گھنٹے یا اس سے کم سوتے ہیں ان میں وائرسز سے متاثر ہونے کا خطرہ 3فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ دراصل زیادہ یا موزوں نیند لینے سے جسم میں ایک قسم کا پروٹینCytokinesریلیز ہوتا ہے، جو قوت مدافعت کے عمل کے دوران انفیکشن سے مقابلہ کرتاہے۔

پرسکون رہیں

سالہا سال کی تحقیق کےبعد ڈاکٹرز اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ دائمی ذہنی دبائو یا اسٹریس کا تعلق جسمانی بیماریوں سے ہوتاہے۔ نیشنل اکیڈمی آف سائنسز کے مطابق اگر آپ اپنے اسٹریس کو کم کریں گےتو آپ کی صحت پر عمدہ اثر پڑےگا، اسٹریس کم کرنےکیلئے آپ یوگا یا مراقبے کا سہار ا بھی لے سکتے ہیں۔ نماز کی پابندی کرنے اور تلاوت کلام پاک کو اپنا معمول بنانے سے بھی اسٹریس میںکمی آتی ہے۔

گرین ٹی نوش فرمائیں

عمدہ صحت کے حصول کے لیے صدیوں سے گرین ٹی لوگوں کے استعمال میں ہے۔ ہم ان صفحات پر گرین ٹی کی افادیت پر مضامین بھی شائع کرچکے ہیں تاہم نئے قارئین کی معلومات میں اضافہ کرتے چلیں کہ گرین ٹی میں فلیونائڈز ہوتے ہیں جس سے ہائی لیول اینٹی آکسیڈنٹس ملتے ہیں جو صحت کیلئے بہت ضروری ہوتے ہیں۔ جنرل آف امریکن کالج آف نیوٹریشن کی اسٹڈی کے مطابق گرین ٹی کے استعمال سے بلڈ پریشر کے ساتھ ساتھ دل کی بیماریاں کم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔

پھلوں اور سبزیوں کا استعمال

اگر آپ کو کوئی خاص سبزی پسند نہیں مگر اس کی بہت افادیت ہے تو اسے دوسری سبزیوں کے ساتھ ملاکر کھائیں۔ اس سے آپ کو وٹامن سی اور دیگر وٹامنز کی وسیع رینج ملے گی۔ اسی طرح آپ بہت سارے پھلوں سے بنی فروٹ چاٹ کے مزے لیتے ہوئے ان کے فوائد بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ شواہد تو نہیں ملے کہ وٹا من سی سے بیمار پڑنے کی شرح یا دورانیہ کم ہو سکتاہے تاہم یورپیئن جنرل آف کلینکل نیوٹریشن کی رپورٹ کے مطابق وٹامن سی سے نظام مدافعت بہتر ہوتاہے، جس سے نزلہ و زکام جیسی شکایات سے بچنے میںمدد مل سکتی ہے۔