سرفراز پر پابندی، احسان مانی آئی سی سی پر برس پڑے

February 01, 2019

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے سرفراز احمد کی پابندی کے حوالے سے آئی سی سی پر برس پڑے، اُن کا کہنا ہےکہ ہر غلطی مان کر ہر سطح پر معافی مانگنے کے باوجود سرفراز احمد کو سزا دینا سمجھ سے بالا تر ہے ۔

کرکٹ کی معروف ویب سائٹ کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان مانی نے کہا ہےکہ دونوں کھلاڑیوں، ٹیموں اور بورڈز کے درمیان معاملات طے ہوجانے کے بعد آئی سی سی درمیان میں آگیا ۔

انہوں نے کہا کہ اگر صلح آئی سی سی کے قوانین کے تحت نہیں ہوسکی تو اسکا مطلب یہ نہیں کہ صلح نہیں ہوئی۔

احسان مانی نے کہا کہ سرفراز کے معاملے پر بیوروکریسی حاوی ہوگئی ،آئی سی سی کا فیصلہ بھی خاموشی سے آیا، پریس ریلیز سے قبل جنوبی افریقی کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس کے دوران سرفراز کی پابندی کے بارے میں بتایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ نسل پرستی والے معاملے پر کھلاڑیوں کوتعلیم دی جائے گی،سرفراز نے جو بات کہی وہ شاید پاکستانی معاشرے میں اتنی بری نہیں سمجھی جاتی۔