نیول چیف کا مشق امن 19 میں شریک غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ

February 10, 2019

Your browser doesnt support HTML5 video.


پاک بحریہ کے مشق امن 2019 کی سرگرمیاں تیسرے دن بھی جاری رہیں، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباّسی نے کثیرالملکی مشق امن 19 میں شریک مختلف غیر ملکی بحری جہازوں کا دورہ کیا۔

نیول چیف کی آمد پر متعلقہ جہازوںکے سینئر کمانڈنگ افسران نے اُن کا استقبال کیا اورجہازپر موجودچاق و چوبند دستوں نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

نیول چیف نے آسٹریلیا، چین، اٹلی، ملیشیا، عمان،سری لنکا، ترکی اور برطانیہ کے شریک جہازوں کا دورہ کیا،نیول چیف کو جہازوں کے عملے کی جانب سے بریفنگ بھی دی گئی۔

ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو میں نیول چیف نے کہا کہ اسٹریٹیجک اہمیت کے حامل اس خطے میں پاک بحریہ ہمیشہ مشترکہ سیکیورٹی کے فروغ کی کوششوں میں پیش پیش رہی ہے اور امن مشقیں بھی اسی نظر یے پر منعقد کی جاتی ہیں۔

نیول چیف نے مزید کہا کہ یہاں بننے والے دوستانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گے اور علاقائی امن و ترقی کے مشترکہ حدف کے حصول کے لیے ہمیں قریب لائیں گے۔

انھوں نے مشق امن میں شرکت اور" امن کے لیے متحد کے مشترکہ عزم میں ساتھ دینے پر تمام شرکاءکا شکریہ ادا کیا۔

ایڈمرل ظفر محمود عباّسی نےاس موقع پر بین الاقوامی میڈیا نمائندگان سے ملاقات بھی کی اور اُن کے سوالوں کے جوابات دیئے۔

متعلقہ بحری جہازوں کےکمانڈنگ افسران نے بحری امن، استحکام اور سمندر میں قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لیے بین الاقوامی بحری افواج کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کے لئے پاک بحریہ کی انتھک کاوشوں کو سراہا۔

دن کی دیگر مصروفیات کے دوران کمانڈر زمبابوے نیشنل آرمی جنرل ایڈزائی ابسولم چینو کا چمونیو نے مزارقائد پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔

اُنھوں نے جوائنٹ میری ٹائم انفارمیشن کوآرڈینیشن سینٹر، پاکستان نیول اکیڈمی اور پاکستان بحریہ کے جہاز شمشیر کا دورہ بھی کیا۔

رومانیہ کے بحری فوج کے سر براہ وائس ایڈمرل الیگزینڈر ومرسو پی ایچ ڈی نے پاک بحریہ کے جہاز سیف کا دورہ کیا اور کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔

آٹھویں بین الاقوامی میری ٹائم کانفرنس 2019 کے دوسرے روز کے مختلف سیشنز میں میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز اور مواقع کا موضوع زیرِ بحث رہا۔

پہلے اور دوسرے سیشن میں وائس چیف آف دی نیول اسٹاف وائس ایڈمرل کلیم شوکت اور سربراہ پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے بین الاقوامی تعلقات ڈاکٹر معصومہ حسن نے شرکت کی جبکہ لیفٹیننٹ جنرل افگن تاغیو ویلی چیف آف کوسٹ گارڈ اسٹیٹ بارڈر سروس آذربائیجان اور رومانیہ کی بحری فوج کے چیف ،وائس ایڈمرل الیگزینڈرومرسو پی ایچ ڈی نے کانفرنس میں اعزازی مہمان کے طور پر شرکت کی۔

شریک ممالک اور پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کے درمیان دوستانہ کھیلوں کے میچز بھی منعقد کئے گئے۔شریک ممالک کی مختلف ثقافتوں کو جاننے کا موقع فراہم کرنے کی خاطر افسران اور جوانوں کے لئے ایک بین الاقوامی فوڈ گالا اور ثقافتی شو بھی منعقد کیا گیاجس میں مختلف ممالک کے روائتی کھانوں کے فوڈ اسٹال لگائے گئے اور ثقافتی اشیاءنمائش کے لئے رکھی گئیں۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مُراد علی شاہ مہمانِ خصوصی تھے۔ شریک بحری افواج، مندوبین، غیرملکی سفراءاور مسلح افواج کے سینئیر افسران نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔