کوئی وزیراعظم IMF سے نہیں ملتا، حکومت شرائط پہلے ہی پوری کرچکی، ملاقات ڈرامہ ہے، اپوزیشن

February 11, 2019

لاہور، نارووال (نمائندگان جنگ، مانیٹرنگ سیل) مسلم لیگ ن کے رہنمائوں نے وزیر اعظم عمران خان کی عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹین لوگارڈ سے ملاقات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی وزیر اعظم IMFسے نہیں ملتا، قوم مہنگائی کے ایک نئے طوفان کیلئے تیار رہے، درحقیقت حکومت آئی ایم ایف کی شرائط کا بوجھ عوام پر ڈالنے کا خفیہ وعدہ کر چکی ہے ، وزیر اعظم کی ملاقات صرف ڈرامہ ہے۔ موضع جسٹر میں صحافیوں سے سابق وفاقی وزیر داخلہ و مسلم لیگ ن کے سینئر رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عالمی گداگر بن کر پوری دنیا سے بھیک مانگ رہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ گزشتہ 6ماہ میں معیشت کو زبوں حالی کی طرف دھکیلا گیا، وہ عمران خان جو کہتا تھا کہ خودکشی کر لوں گا مگر کسی سے پیسہ نہیں مانگوں گا ،کیا عمران خان اپنی وہ قسم بھول گئے ؟ سینئر رہنما مسلم لیگ ن خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے آئی ایم ایف کے پاس جانے پر خود کشی کرنے کا اعلان کیا تھالیکن پہلی دفعہ کوئی وزیراعظم خود آئی ایم ایف سے بھیک مانگنے گیا، 6 ماہ میں یہ عوام کو کوئی سہولت فراہم نہیں کرسکے،6 ماہ کے دوران 1400 ارب کے نوٹ چھاپے گئے، حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے خدشہ ہے کہ ہمارے دیرینہ دوست ممالک ناراض نہ ہوجائیں۔ ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی بم گراچکی ہے ، قوم حکومتی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اورطوفان کا سامنا کرنے کی تیاری کرے۔انہوںنے کہا کہ جب حکومت پہلے ہی آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرچکی ہے تو پھر آج ملاقات کا ڈرامہ کیوں کیا جارہا ہے۔ پہلی حکومت ہے جس نے چور دروازے سے آئی ایم ایف کی شرائط پر پیشگی عمل کیا، بقول وزیر خزانہ حکومت نے آئی ایم ایف جانے سے پہلے ہی شرائط مان لی ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہاکہ حکومت آئی ایم ایف سے پیکج لینے سے پہلے ہی مہنگائی کا بم گراچکی ہے، روپے کی قدر میں 35 فیصد سے زائد کمی، بجلی، گیس کی قیمتوں میں ریکارڈ اضافہ کیا جاچکا ہے، آئی ایم ایف کے پیکج سے پہلے ہی حکومت ہر سبسڈی بشمول حج ختم کرچکی ہے، قوم کو مزید مہنگائی کی کون سی چکی میں پیسنے کی تیاری کی جارہی ہے۔ترجمان مسلم لیگ (ن)نے کہا کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف سے پاکستان میں ملاقات کیوں نہیں ہو سکتی، قوم کو بتایا جائے کہ اب کون سی مزید شرائط طے کی جارہی ہیں، پارلیمان اور قوم سے سچ کے وعدے کرنے والے تمام کام خفیہ کررہے ہیں، قوم حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کے ایک اورطوفان کی تیاری کرے۔