ارشاد رانجھانی کیس کی تحقیقاتی کمیٹی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا

February 11, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی کراچی امیرشیخ کی تشکیل کردہ تحقیقاتی کمیٹی جس میں ڈی آئی جی ایسٹ عامر فاروقی نے ایس ایس پی ایسٹ اظفر مہیسر اور ایس ایس پی انویسٹیگیشن ملیر فرخ رضا کے ہمراہ جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، ترجمان انکوائری کمیٹی کے مطابق کمیٹی کے اراکین نے تھانے میں موجو د واقعہ سے متعلق تمام ریکارڈ کا جائزہ لیا،ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی کے اراکین نے ایدھی ایمبولینس کے ڈرائیور کا بیان بھی ریکارڈ کیا،کمیٹی نے واقعہ سے متعلق تمام CCTV فوٹیج، سوشل میڈیا پر چلنے والی وڈیوز کلپس سمیت دیگر تکنیکی شواہد کا بغور جائزہ لیا،کمیٹی کے ممبران نے ارشاد رانجھانی کے لواحقین سے موبائل فون پر بات چیت کی،لواحقین نے تحقیقا تی کمیٹی کوبتایا کہ اسوقت وہ اپنے آبائی شہر دادو میں ہیں اور واقعہ سےمتعلق اپنا بیان کل تھانے میں ریکارڈ کرائینگے اور کمیٹی کے سامنے اپنا مؤقف پیش کرینگے،کمیٹی کے اراکین کے مطابق حالات اور واقعات کو دیکھتے ہوئے لواحقین کی درخواست موصول ہونے پر اسکا معائنہ کرنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔