سعودی ولی عہد کے ہمراہ تاریخ کا سب سے بڑا وفد پاکستان آئیگا

February 15, 2019

اسلام آباد(طاہر خلیل/ ایوب ناصر) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے ہمراہ تاریخ کا سب سے بڑا وفد پاکستان آئے گا جس میں شاہی خاندان کے اہم افراد کے ساتھ وزرا اور کاروباری شخصیات بھی شامل ہیں۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان وزیراعظم عمران خان کی دعوت پردو روزہ دورے پر کل(ہفتے کو) اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔اپریل2017 میں ولی عہد کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی سعودی اہم شخصیت کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے۔ولی عہد اپنے دورے کے دوران صدر پاکستان سے ملاقات کریں گے وہ وزیر اعظم اور آرمی چیف سے بھی ملاقات کریں گے۔ پاکستان سینٹ کا ایک وفد بھی ولی عہد سے ملاقات کرے گا جس میں دونوں ملکوں کے درمیان پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔سعودی ولی عہد کے ہمراہ سعودی وزرا اپنے متعلقہ ہم منصبوں سے ملاقاتیں کریں گے جس میں اپنے متعلقہ شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔دونوں ملکوں کے تاجر نجی شعبے میں اشتراک عمل کے مواقع پر تبادلہ خیال کے لئے ملاقاتیں کریں گے۔سعودی ولی عہد کے دورے کے سلسلے میں پروگرام میں تبدیلی کی گئی ہے،اب وزیراعظم عمران خان کی طرف سے سعودی ولی عہد کے اعزاز میں ہفتے کی شب پرائم منسٹر ہائوس میں ضیافت کا اہتمام ہوگا جبکہ سعودی ولی عہد کی صدر ڈاکٹرعارف علوی سے اتوار کو ملاقات ہوگی اور صدر مملکت بعد میں معزز مہمان کے اعزاز میں ایوان صدر میں ظہرانہ دیں گے۔ ظہرانے کے بعد سعودی ولی عہد اپنے دورے کے اگلے مرحلے کےلئے اسلام آباد سے روانہ ہوجائیں گے۔ان کے دورے کے دوران سیکیورٹی انتظامات کے لیے 125رکنی سعودی ایڈوانس ٹیم، جن میں سیکیورٹی ڈپارٹمنٹ، ہیلتھ ڈپارٹمنٹ اور حرمین شریفین ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ کراؤن پرنس ڈپارٹمنٹ اور ڈیفنس ڈپارٹمنٹ کے اہلکاروں پر مشتمل ٹیم شامل ہے، اسلام آباد میں ذمے داریاں سنبھال لی ہیں ۔