PSL4، اسلام آباد نے قلندرز کو شکست دیدی

February 15, 2019


پاکستان سُپر لیگ 4 کے افتتاحی میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 5 وکٹ سے شکست دیدی۔

لاہور قلندرز نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ کے نقصان پر 171 رنز بنائے تھے، جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے 172 رنز کا مقررہ ہدف بیسویں اوور کی دوسری بال پر حاصل کر لیا۔

میچ میں فہیم اشرف نے ونگ ہٹ لگا کر ایونٹ کے پہلے میچ میں اسلام آباد کو فتحسے ہمکنار کیا، اسلام آباد یونائیٹڈ کی اننگ کی خاص بات آٓصف علی کی بیٹنگ تھی، انہوں نے 19 بالز میں 36 رنز ناٹ آؤٹ اسکور کیے، اس کےعلاوہ حسین طلعت 37، رونکی 27 اور ڈیلپورٹ 24 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

لاہور کی جانب سے راحت علی سب سے کامیاب بولر رہے، انہوںنے 29 رنز کے عوض4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، جبکہ بریتھ ویٹ ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

اس سے قبل میچ میں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان محمد سمیع نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جس کے بعد لاہور قلندرز کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے 65 رنزاسکور کیے ، جبکہ سہیل اختر نے 37 اور اے بی ڈی ویلیئرز نے 24 رنز اسکور کیے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد سمیع،وقاص مقصود،شاداب خان اور ڈیلپورٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ لاہور قلندرز میں کپتان محمد حفیظ کے علاوہ فخر زمان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی ہیں جبکہ اس کے اووسیز کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ویلیئرز ،کوری اینڈرسن اور ڈیوسچ، کارلوس بریتھ ویٹ شامل تھے۔

دوسری جانب دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کی محمد سمیع قیادت کر رہےتھے اور ان کے نائب کپتان شاداب خان ہیں، حسین طلعت، آصف علی بھی ٹیم کا حصہ تھے جبکہ اوورسیز پلیئرز میں چیلنج لیوک رونکی، کیمرون ڈیلپورٹ شامل ہیں۔

اس میچ سے قبل دونوں ٹیمیں پی ایس ایل میں 6 بار مدمقابل آئیں تھیں ، 3 مرتبہ اسلام آباد نے میدان مارا تو 2 بار بازی لاہور قلندرز نے جیتی جبکہ ایک میچ ٹائی ہوا ہے۔