ہیوی ٹریفک داخلہ، کمشنر کراچی ،ڈی آئی جی اور این ایچ اے حکام طلب

February 16, 2019

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی سے متعلق درخواست پر کمشنر کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک اور این ایچ اے حکام کو 12 مارچ کو طلب کرتے ہوئے لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم منصوبوں کی ڈیڈ لائن طلب کرلی۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریماکس میں کہا کہ صرف رپورٹ پیش کرنے سے کچھ نہیں ہوتا کام نظر آنا چاہئے۔ رپورٹ جمع کرائے 2 ماہ ہوگئے مگر کوئی کام نظر نہیں آرہا۔ جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں جسٹس فیصل آغا کے روبرو شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی سے متعلق سماعت ہوئی۔ عدالت کے روبرو رپورٹ پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ فریقین کے اجلاس میں بس ٹرمینل شہر سے باہر تعمیر کرنے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے صرف کاغذات نہ جمع کرائیں ٹھوس کام بھی کریں، لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم کے چکر میں نہ الجھائیں۔