وینزویلا کے 5عہدیداروں پرامریکہ کی مالی پابندیاں عائد

February 17, 2019

واشنگٹن (اے پی پی) امریکی وزارت خزانہ نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے پانچ مقرب عہدیداروں پر مالیاتی پابندیاں عائد کردی ہیں۔غیرملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ کی طرف سے مادورو کو وینزویلا کا سابق صدر قرار دیا گیا ہے۔امریکی وزارت خزانہ کی طرف سے وینزویلا کے انٹیلی جنس چیف، صدارتی گارڈز کے سربراہ، پولیس چیف اور وینزویلا کی پٹرولیم کمپنی کے سربراہ پر نکولس مادورو کا ساتھ دینے کے الزام میں پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔واضح رہے کہ وینزویلا میں جاری حالیہ سیاسی بحران میں امریکہ نے اپوزیشن لیڈر اور خود ساختہ صدر خوآن گوائیڈو کی حمایت کرتے ہوئے نکولس مادورو کے ساتھ تعلقات ختم کر دیئے ہیں۔