پولیس عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، بشارت راجہ

February 17, 2019

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے راولپنڈی میں ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس عوام کے جان و مال کی حفاظت کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے راولپنڈی مورگاہ میں ڈکیتی کی واردات میں قتل ہونیوالے تاجر ہارون قریشی کے لواحقین سے ملاقات اور تعزیت کے موقع پر کیا۔ وہ واردات میں زخمی ہونیوالی بچی کے گھر بھی گئے اور اُسکی خیریت دریافت کی۔ صوبائی وزیر قانون نے تھانہ مورگاہ میں واردات سے متعلق ہونیوالی تفتیش پر بریفنگ لی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات دیئے۔ محمد بشارت راجہ نے متاثرین کو یقین دلایا کہ حکومت جرائم کی بیخ کنی اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔