کراچی کے عمر خان نے ڈیویلیئرز کو آئوٹ کرکے حیران کردیا

February 18, 2019

دبئی(نمائندہ خصوصی) ٹیکسیلا سے تعلق رکھنے والے کراچی کنگز کے19 سالہ عمر خان نے سپر لیگ میں لاہور قلندرز کے اے بی ڈی ویلیئرز کی وکٹ حاصل کرکے سب کو حیران کردیا۔ ان کے والد ٹائر پنکچر کی دکان چلاتے ہیں۔ عمر خان کہتے ہیں سوچا ضرور تھا کہ اے بی کو آؤٹ کروں گا یہ خواب دکھائی دیتا ہے۔ انہیں کراچی کنگز میں لانے کا سہرا سابق پاکستانی کپتان راشد لطیف کو جاتا ہے۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے عمر خان نے25 رنز کے عوض دو وکٹ لیے۔ انہوں نے کہا کہ پوری کوشش کروں گا کہ پاکستان کے لئے کھیلوں اور کارکردگی دکھائوں۔ کراچی کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ عمر خان نے غیر معمولی بولنگ کی۔ اس نے سب کو متاثر کیا ہے۔ عمر خان نے سوئی سدرن کی جانب سے پہلے فرسٹ کلاس میچ میں سات وکٹیں107رنز دے کر حاصل کیں۔