کراچی میں بدھ اور جمعرات کو گرج چمک کیساتھ بارش کاامکان

February 18, 2019

کراچی، لاہور (اسٹاف رپورٹر، اے پی پی) محکمہ موسمیات نے 20، 21فروری کوکراچی میں گرج چمک کےساتھ بارش کاامکان ظاہر کر دیا۔ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ایران سے بارش برسانے والا سسٹم کراچی میں آج پیر کو داخل ہوگا،بارش برسانیوالےسسٹم کے داخلے پرشہرمیں بونداباندی کاامکان ہے ۔ جبکہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت بالائی علاقوں میں چند مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ۔ محکمہ مو سمیات کے مطابق لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، فیصل آباد، راولپنڈی ڈویثرن ا ور اسلام آباد پشاور میں با رش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا بھی امکان ہے۔ نیز کل منگل سے ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو جا ئیگا۔ رپور ٹ کے مطابق مغربی ہوائیں پیر کی رات سے پاکستان کا رخ کریں گی اور پھر منگل سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو جائیگا۔ آج پیر کوبھی لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا ،فیصل آباد، راولپنڈی ڈویثر ن، اسلام آباد ، کشمیر ، گلگت بلتستان ، کوئٹہ ، مالاکنڈ، ہزارہ اور مردان میں چند مقامات پر بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے ،منگل سے جمعرات تک مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان اور کوہاٹ میں بادل برسیں گے۔ دو روز کے دوران لاہور، فیصل آباد، گوجوانوالہ، سرگودھا ، ملتان اور اسلام آباد بھی کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوگی۔ اتوار کے روز لاہور میں موسم ابرآلود اور سرد و خشک رہا ۔ مختلف مقامات پر بوندا باندی نے موسم کو مزید سرد کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق گذ شتہ روز لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 9 ، فیصل آباد8 ، ملتان8، سرگودھا میں 9 اور اسلام آباد میں کم سے کم درجہ حرارت 5، ، پشاور 4 اور کراچی میں 11 سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سب سے کم درجہ حرارت کالام میں منفی 10 ریکارڈ کیا گیا نیز سکردو منفی 9، بگروٹ منفی 0، استور منفی 6، مالم جبہ منفی 5، قلات منفی 4، ہنزہ منفی 3 اور کوئٹہ میں منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔