24 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب مکمل، 10 اسامیاں اب بھی خالی

February 19, 2019

اسلام آباد (طارق بٹ) قومی اسمبلی کی 10 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کی اسامیاں اب بھی خالی ہیں جبکہ 24 قائمہ کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا انتخاب اتفاق رائے سے مکمل ہوچکا ہے۔ یہ اسامیاں کابینہ سیکریٹر یٹ ، مواصلات، توانائی، انسانی حقوق، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن، ڈاک خدمات، منصوبہ بندی، ترقی اور اصلاح، اسٹیٹس اور فرنٹیر ریجنز، شماریات اور آبی وسائل پر کمیٹیوں کیلئے خالی پڑی ہیں۔ ایک پارلیمانی ذریعے نے دی نیوز کو بتایا کہ 10 کمیٹیوں کے چیئرمینوں کا متفقہ انتخاب حالیہ ہفتے میں انجام پاجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکمران اتحاد اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے درمیان ہونے والے معاہدے کے تحت ان چیئرمینوں کی جگہیں پارلیمانی جماعتوں کے درمیان تقسیم کی جائیں گی۔