میتھیو ہیڈن پی ایس ایل میں فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ سے متاثر

February 20, 2019

آسٹریلیا کے سابق اوپنر میتھیو ہیڈن نے پاکستان سپر لیگ میں فاسٹ بولنگ کے ٹیلنٹ پر خوشی کا اظہار کیا ہے، انہوں نے خاص طور پر لاہور قلندرز کے حارث رؤف کی تعریف کی ہے۔

پی ایس ایل میچز کے کمنٹیٹرز میں شامل میتھیو ہیڈن راولپنڈی سے تعلق رکھنے والے 25 سالہ حارث رؤف سے کافی متاثر دکھائی دیئے۔

حارث رؤف نے کراچی کنگز کے خلاف میچ وننگ کارکردگی دکھاتے ہوئے 23 رنز دے کر 4 وکٹیں لی تھیں۔

ہیڈن کا کہنا ہے کہ وہ فاسٹ بولنگ ٹیلنٹ سے خاص طور پر محظوظ ہوئے ہیں۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ حارث رؤف جیسے ٹیلنٹ کا غیر روایتی ڈیولپمنٹ پروگرام کے ذریعے سامنے آنا اور پھر اعلیٰ سطح پر پرفارم کرنا حیران کن ہے۔

حارث رؤف کی صلاحیتیں ستمبر 2017ء میں گوجرانوالہ میں ٹیلنٹ کیمپ کے دوران سامنے آئیں جس کے بعد وہ آسٹریلیا جانے والے لاہور کے ڈیولپمنٹ ٹور کا بھی حصہ بنے۔