تحقیقات میںتعاون کیلئے وزیراعظم کی پھر پیشکش، بھارتی پروپیگنڈے کیخلاف قومی اسمبلی میں متفقہ قرارداد منظور

February 21, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) قومی اسمبلی نے پلوامہ حملے سے متعلق بھارت کے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو مستردکرتےہوئے قرارداد مذمت متفقہ طورپر منظور کرلی ہے ‘اسمبلی نے واضح کیا ہے کہ بھارت پاکستان کو کمزور نہ سمجھے اوراپنے جارحانہ عزائم ترک کردے ‘جارحیت کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں، قرارداد میں کہا گیا ہے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی تنازع ہے جو بھارتی ہٹ دھرمی اورجارحیت کے باعث اقوام متحدہ اور سکیورٹی کونسل کا زیر التواء ایجنڈا بن چکا ہے، قراراداد میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیاں روکنے اور کشمیریوں کے حق خودا رادیت کے بارے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے،ا سپیکر اسمبلی اسد قیصر نے اجلاس کے آغازپر پلوامہ حملہ سے متعلق بھارت کے نفرت آمیز بے بنیاد پراپیگنڈے کیخلاف قرارداد مذمت پیش کی، اسپیکر نے کہا کہ بے بنیاد بھارتی پروپیگنڈے کو ایوان مسترد کرتا ہے‘ بھارت بغیر تحقیقات اور شواہد کے حملہ کا تعلق پاکستان سے جوڑ رہا ہے‘قراردا د میں کہاگیا تمام سیاسی جماعتوں کے سربراہوں اور وزیر اعظم عمران خان نے 19 فروری کی اپنی تقریر میں بھارت کو تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی ہے اور شواہد کی بناء پر ایکشن کی یقین دہانی بھی کرائی ہے ۔