شمیمہ بیگم واپس آرہی ہے، نائجل فراج کا خدشہ

February 22, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) یوکے آئی پی کے سابق لیڈر نائجل فراج نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ شمیمہ بیگم کو برطانیہ واپس آنے کی اجازت دے دی جائے گی کیونکہ برطانیہ اپنی اقدار کے دفاع میںکمزور ہے۔ وہ شمیمہ بیگم کی برطانیہ واپسی کی خواہش کے بارے میں اظہار خیال کررہے تھے۔ انہوںنے امریکی ٹیلی ویژن فوکس نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس کی واپسی نہیںچاہتے تاہم انہیںخدشہ ہے کہ ہماری اقدار کے تحفظ کرنے میں برطانیہ امریکہ سے کمزور ہے اور خدشہ ہے کہ وہ واپس آرہی ہے، وہ سٹیٹ سے محروم نہیںبلکہ وہ اسلامک سٹیٹ ہے، وہ کسی صورت اسے اپنے ملک میں دیکھنا نہیںچاہتے اور ان لوگوں کے لئے جنہوں نے اسے دیکھا ہے، وہ صرف15سالہ بچی ہے اس نے غلطی کی ہے عیسائیت میںمعافی کی بنیاد گناہوں پر نادم ہونے پر ہے۔ شمیمہ بیگم کی برطانوی شہریت منسوخ کردی گئی ہے کیونکہ وہ دوہری شہریت کی حامل ہے، بہرحال بنگلہ دیشی حکومت نے کہا ہے کہ وہ بنگلہ دیشی شہری نہیں حکومت نے وضاحت کی ہے کہ وہ پیدائش کے لحاظ سے برطانوی شہری ہے اور بنگلہ دیش سے دوہری شہریت کے لئے درخواست نہیںکی۔ وزیرداخلہ ساجد جاوید نے نشاندہی کی ہے کہ اس پر پابندی کے باوجود اس کا بیٹا برطانوی ہوسکتا ہے اور اسے برطانیہ آنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔ نائجل فراج نے کہا کہ یہ ہمیشہ ممکن ہے کہ لوگوں کو ان کے گناہوںپر معاف کردیا جائے تاہم انہیں تسلیم کرنا ہوگا کہ انہوں نے کیا، کیا ہے۔