روس اورجاپان کے درمیان علاقائی تنازع پر اختلافات برقرار

February 22, 2019

میونخ (اے پی پی)روس اور جاپان کے وزراء خارجہ روسی زیرِ انتظام جزائر سے متعلق اپنے اختلافات کم کرنے میں ناکام رہےہیں۔ جرمنی کے شہر میونخ میں جاپانی وزیر خرجہ تارو کونو سے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف نے ملاقات کی جس میں دونوں وزرائے خارجہ روسی زیرِ انتظام جزائر سے متعلق مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ۔ وزیر خارجہ کونو نے ملاقات کے آغاز میں کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ جاپانی وزیرِاعظم شنزو ایبے اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان نومبر میں ہونے والے سمجھوتے کی بنیاد پر جامع تبادلہ خیال کیا جائے۔ جاپان اور روس کے رہنماؤں نے 1956ءکے جاپان اور سوویت یونین کے مشترکہ اعلامیے کی بنیاد پر دو طرفہ مذاکرات تیز کرنے پر اتفاق کیا تھا۔ دوسری جانب روسی وزیر خارجہ سر گئی لاوروف نے جاپان پر زور دیا کہ وہ مذاکرات کی پیشگی شرط کے طور پر روس کی ان جزائر پر خود مختاری کو تسلیم کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ جزائر دوسری جنگِ عظیم کے نتیجے میں روسی سرزمین کا حصہ بنے تھے۔