حب ڈیم میں 22 فٹ پانی کا اضافہ

February 22, 2019

کراچی سے متصل بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کی تحصیل حب میں واقع حب ڈیم میں پانی کا لیول 298 فٹ تک پہنچ گیا ہے۔

واپڈا حکام کے مطابق حالیہ بارش کے دوران حب ڈیم میں پانی کے لیول میں 22 فٹ کا اضافہ ہوا ہے۔

واپڈا ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بارش سے قبل حب ڈیم میں پانی کا ذخیرہ صرف ایک فٹ رہ گیا تھا، تاہم حالیہ بارش کے بعد بلوچستان کے پہاڑوں سے آنے والے برساتی پانی سے ڈیم میں پانی کی سطح 22 فٹ ہوچکی ہے۔

واپڈا حکام کے مطابق آج سے کراچی کو حب کینال کے ذریعے معمول کے مطابق پانی کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔

واپڈا حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسی طرح حب، ساکران اور گڈانی کو بھی لسبیلہ کینال کے ذریعے پانی کی فراہمی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ کراچی شہر کو پانی فراہم کرنے کا دوسرا بڑا ذریعہ حب ڈیم ہے، جہاں پانی کی سطح انتہائی کم ہو جانے کی وجہ سے پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے اور شہر یوں کو پانی کی قلت کا سامنا ہے۔