سوڈانی صدر کی حکومتی سطح پر اکھاڑ پچھاڑ

February 24, 2019

سوڈان کے صدر عمر البشیر نے حکومتی سطح پر وسیع پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑکردی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سوڈانی صدر عمرالبشیر نے اپنے معتمد خاص اور نائب صدر بکری حسن صالح کو عہدے سے معزول کرکے وزیر دفاع عوض بن عوف کو نائب صدر کا اضافی عہدہ سونپ دیا، ساتھ ہی صوبہ الجزیرہ کے گورنر محمد طاہر ایلا کو وزیر اعظم مقرر کردیا۔

اس کے علاوہ حکمران جماعت نیشنل کانگریس کے صوبائی صدور کو سبکدوش کرکے صدارت نائبین کے حوالے کردی، جس کے بعد نیشنل کانگریس نے اپنے سالانہ اجلاس کا انعقاد اپریل تک مؤخر کردیا۔

صدر البشیر نے ملک بھر میں جاری اپوزیشن اور عوامی احتجاج کے باعث جمعے کو ملک میں ایک سال کے لیے ہنگامی حالت نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے قومی وفاقی حکومت اور ریاستی حکومتوں کو بھی تحلیل کردیا تھا اور امور مملکت چلانے کے لئے ٹیکنوکریٹس پر مشتمل کابینہ تشکیل دے دی۔