جاپان، پاک بھارت کشیدگی ختم کرنے کےلیے کردار ادا کرے، رانا عابد

March 01, 2019

پاک جاپان بزنس کونسل نے جاپانی وزیر اعظم کو پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایٹمی جنگ کے بڑھتے ہوئے خطرے کے پیش نظر خط تحریر کیا ہے اور جاپانی وزیر اعظم سے دونوں ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ کے امکانات کو کم کرنے اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بتایا کہ انھوں نے خط میں جاپانی وزیر اعظم سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت کے وزراءے اعظم کو ہیروشیما اور ناگاساکی کے دورے کی دعوت دیں اور انھیں ان مقامات کا دورہ کرائیں جہاں دوسری جنگ عظیم میں امریکہ کی جانب سے ایٹم بم گرایا گیا تھا۔

دونوں وزراءے اعظم کو دکھایا اور بتایا جائے کہ ستر برس قبل گرنے والے کم ایٹمی طاقت والے بم نے کس طرح لاکھوں زندگیاں منٹوں میں ختم کردی تھیں اور کس طرح جاپان کے دو ترقی یافتہ شہروں کو کھنڈر میں تبدیل کردیا تھا۔

جبکہ آج کے دور میں تو ایٹم بم بہت زیادہ جدید اور طاقت ور ہیں اور ان کی تباہی نہ صرف خطے کے ڈیڑھ ارب انسانوں کے لیے ہی نہیں بلکہ پوری دنیا کے لیے تباہی کا باعث بن سکتی ہے لہذا دونوں وزراءے اعظم جاپان کی تباہی سے عبرت حاصل کریں اور کسی بھی خطرناک جنگ سے بچیں۔

رانا عابد حسین نے کہا کہ بھارت میں اس دفعہ انتہا پسندی کے رحجات میں بہت زیادہ اضافہ ہوچکا ہے جہاں نریندر مودی اگلے انتخابات مین کامیابی کے لیے خطے کو جنگ کے دہانے پر دھکیل پرکر، کڑوڑوں زندگیا داو پر لگارہے ہیں، رانا عابد حسین نے وزیر اعظم عمران خان کی حکومت کی تعریف کی جن کے سبب ابھی تک جنگ کی نوبت نہیں آئی ہے ۔انھوں نے پاکستانی عوام کی امن پسندی کی بھی تعریف کی۔