بھارت، سمجھوتہ ایکسپریس دھماکا کیس کی سماعت آج ہوگی

March 14, 2019

بھارتی عدالت میں سمجھوتہ ایکسپریس دھماکا کیس کی سماعت آج ہو گی ، گزشتہ سماعت پر عدالت نے پاکستانی خاتون راحیلہ وکیل کی درخواست پر سماعت ملتوی کی تھی ۔

سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس میں لاپتہ حافظ آباد کے رہائشی محمد وکیل کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد زندہ اور بھارت کی قید میں ہیں ۔

محمد وکیل کی بیٹی راحیلہ نے گزشتہ سماعت میں ای میل کے ذریعے بھارتی عدالت سے درخواست کی تھی کہ انہیں بھی عدالت میں موقف پیش کرنے کی اجازت دی جائے ۔

راحیلہ کا کہنا تھا کہ انہیں 13 سال سے انہیں انصاف نہیں ملا، اب بھارتی عدالت ان کا موقف سنے بغیر کیس کا فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔

راحیلہ نے بتایا کہ انہیں بھارتی عدالت سے کوئی نوٹس یا سمن نہیں ملا ، بھارتی حکومت انہیں ویزا دے تاکہ بھارت جا کر عدالت میں حقائق بیان کر سکیں ۔

محمد وکیل کے اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ سمجھوتا ایکسپریس کیس عالمی عدالت انصاف میں چلایا جائے۔