57 فیصد عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں،سروے

March 15, 2019

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)رائے عامہ کے ایک نئے سروے کے مطابق حکمراں جماعت تحریک انصاف 34 فیصد عوامی حمایت کے ساتھ مقبول ترین سیاسی جماعت ہے،مسلم لیگ ن کی عوامی حمایت 21 فیصد اور پیپلز پارٹی کی 12 فیصد ہے،سروے میں دکھایا گیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان 57 فیصد عوامی حمایت کے ساتھ ملک کے مقبول ترین رہنما ہیں، وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے آئی آر آئی کے سروے پر ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی عوامی حمایت 57 فیصد ہے، جبکہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی، تحریک انصاف کے قریب تک نہیں ہیں،یہ جائزہ تحریک انصاف پر عوامی اعتماد کا مظہر ہے، انٹرنیشنل ری پبلکن انسٹی ٹیوٹ (آئی آر آئی) کے تحت پاکستانیوں میں رائے عامہ جائزے کے مطابق پاکستان میں عوام کی اکثریت حکومتی کارکردگی سے مطمئن ہے تاہم ملک کی اقتصادی ابتری پر تشویش کا بھی اظہار کیا گیا۔ جائزے میں 2018 کے عام انتخابات پر اظہار اعتماد کیا گیا۔ آر آئی آر کی ریجنل ڈائریکٹر برائے ایشیاء جوہناکائو کے مطابق اقتصادی چیلنجوں کے باوجود نئی حکومت اور وزیراعظم عمران خان پر عوام کو اعتماد ہے۔ وہ اپنے وعدوں کی تکمیل کے لئے حکومت کووقت دینا چاہتے ہیں۔ 57 فیصد کی رائے میں عمران خان کی کارکردگی بہتر ہے۔ 39 فیصد کے نزدیک مہنگائی بڑا مسئلہ ہے۔ 18 فیصد کے لئے غربت اور 15 فیصد کے لئے بیروزگاری نمایاں مسائل ہیں۔ 77 فیصد 18 سے 35 برس تک کی عمر کے افراد کے لئے ملازمتوں کا حصول سب سے بڑا چیلنج ہے۔ 83 فیصد کی رائے میں گزشتہ سال عام انتخابات منصفانہ ہوئے۔ یہ اعداد و شمار یکم نومبر سے 22 نومبر 2018 کے درمیان اکٹھا کئے گئے۔