کرائسٹ چرچ میں فائرنگ سے زخمی پاکستانی کی حالت تشویشناک

March 16, 2019

کرائسٹ چرچ میں گزشتہ روز پیش آنے والے مساجد پر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے پاکستانی محمد امین ناصر کی حالت تشویش ناک ہے، جو انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا ہے کہ 60 سالہ امین ناصر کا تعلق حافظ آباد سے ہے۔

نیوزی لینڈ میں گزشتہ روز ہونے والی دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے حافظ آباد کے محمد امین کے اہل خانہ اُن کی خیریت جاننے کےلیے پریشان ہیں۔

خاندانی ذرائع کے مطابق محمد امین اپنے بیٹے یاسر اور اُن کے اہل خانہ سے ملنے ڈیڑھ سال قبل نیوزی لینڈ گئے تھے، وہ 3 بیٹوں اور ایک بیٹی کے والد ہیں۔

نیوزی لینڈ میں مقیم محمد امین کے بیٹے یاسر نے بتایا ہے کہ اُن کے والد کو ایک گولی پسلیوں میں جبکہ دوسری سینے میں لگی ہے، انکی حالت تشویشناک ہے تاہم اسپتال انتظامیہ انہیں اپنے والد سے ملنے نہیں دی رہی۔

یاسر نے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں ان کے والد سے ملوانے کے لیے اقدامات کرے۔