’دو دن ہوگئے ٹکٹ کا انتظام نہیں ہو رہا ‘

March 16, 2019

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے انکشاف کیا ہے کہ میں خود 2 دن سے کوشش کررہا ہوں مگر فائنل کے ٹکٹ کا انتظام نہیں ہو رہا۔

پاکستان سپر لیگ ( پی ایس ایل) فور کا بخار اپنے عروج پر ہے، شائقین کرکٹ کی بڑی تعداد کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کر رہی ہے۔

کپتان سرفراز احمد پریس کانفرنس میں انکشاف کیا کہ 2دن ہوگئے ٹکٹ کا انتظام نہیں ہو رہا،اب تو بورڈ والے بھی فون نہیں اٹھا رہے۔

انہوں نے کہا کہ کون کہتا ہے کہ کوئٹہ چوکرز ہیں، اس بار پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اتریں گے، چوکر کا ٹیگ لگانے کی جو کوشش کی جارہی ہے اسے غلط ثابت کر دیں گے۔

سرفراز احمد نے یہ بھی کہا کہ شین واٹسن سے میچ وننگ پرفارمنس کی امید ہے،جب وہ کھڑے ہوتے ہیں تو اکیلے ہی میچ جتوا دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کا جوش ثابت کرتا ہے کہ اب پی ایس ایل مکمل طور پر پاکستان میں ہونا چاہیے۔