آئرلینڈ میں پاسپورٹ کے لئے یومیہ 3000درخواستیں

March 17, 2019

لندن (نیوز ڈیسک) آئرلینڈ کے پاسپورٹ کیلئے اپلائی کرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، تین ماہ سے بھی کم عرصے میں ڈھائی لاکھ کے قریب افراد نے آئرش پاسپورٹ کیلئے درخواستیں دی ہیں اور یہ تعداد 3000یومیہ بنتی ہے۔ آئرش وزیر خارجہ سائمن کووینی نے کہا کہ آئرش پاسپورٹ کیلئے درخواستیں دینے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ اگر دیکھا جائے تو ایک منٹ میں دو درخواستیں ڈپارٹمنٹ کو موصول ہوئی ہیں۔ 2018میں ان کے ڈپارٹمنٹ نے 860000 پاسپورٹ جاری کئے تھے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں ابتدائی تین ماہ میں پاسپورٹ کیلئے درخواستوں میں 30 فی صد اضافہ ہوا ہے۔ تین ماہ سے کم عرصے میں 230000 افراد نے اپلائی کیا ہے۔ کووینی کے ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ 2018 میں 70 فیصد سے زائد درخواستیں آئزلینڈ آف آئرلینڈ سے موصول ہوئی تھیں۔ ڈپارٹمنٹ نے کہا کہ سینٹ پیٹرک ویک اینڈ پر درخواستوں کی تعداد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ 2018 کو سینٹ پیٹرک ویک اینڈ پر 2500 افراد نے پاسٹورٹ کیلئے آن لائن اپلائی کیا تھا۔ موجودہ رجحان کے پیش نظر ویک اینڈ پر زیادہ افراد اپلائی کریں گے۔ گزشتہ دنوں لندن میں آئرلینڈ کی ایمبیسی نے کہا تھا کہ اس کا عملہ دبائو میں کام کر رہا ہے، کیونکہ سٹاف کی کمی ہے۔ یہ اعداد و شمار ایسے وقت سامنے آئے ہیں، جب برطانیہ کے یورپی یونین سے علیحدگی کیلئے مقررہ وقت 29 مارچ 2019 میں صرف 13 دن باقی ہیں۔