نیوزی لینڈ: پاکستانی شہداء کی تعداد 9 ہوگئی

March 17, 2019

نیوزی لینڈ میں دہشت گردی کے واقعے میں شہید ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 9 ہوگئی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں دہشت گردی کے واقعے میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی کی شہادت کی بھی تصدیق کردی ہے۔

دفتر خارجہ اسلام آباد کا کہنا ہے کہ شہداء اور زخمیوں کے اہل خانہ نیوزی لینڈ کے لیے ویزا درخواستیں دے سکتے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے مطابق کرائسٹ چرچ کی مساجد پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کے پاکستانی شہداء میں ذیشان رضا، ان کے والد غلام حسین اور والدہ کرم بی بی کے علاوہ سہیل شاہد، سید جہانداد علی،سید اریب ،محبوب ہارون ،نعیم راشد اور ان کے بیٹے طلحہ نعیم شامل ہیں۔

نیوزی لینڈ دہشت گردی کے واقعے میں 3 پاکستانی اب بھی لاپتہ ہیں

40 سالہ ہارون راولپنڈی جبکہ نعیم راشد اور ان کا بیٹا طلحہ نعیم ایبٹ آباد کے رہائشی ہیں اور 26 سالہ اریب کا تعلق کراچی سے ہے۔ واقعے میں زخمی ہونے والا پاکستانی اور حافظ آباد کا رہائشی محمد امین ناصر انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج ہے۔

شہید نعیم رشید اور ان کے بیٹے طلحہ رشید کو کرائسٹ چرچ ہی میں سپرد خاک کیا جائے گا، تدفین کے انتظامات میں مسلم اور پاکستانی ایسوسی ایشن نے معاونت کی۔

چار دیگر پاکستانی شہدا ءکی میتوں کو پاکستان لانے کے لیے ہائی کمیشن حکام لواحقین کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں۔