عالم اسلام کا اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے،جامعہ بنوریہ کی تقریب

March 18, 2019

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستانی دینی مدارس دنیا بھر کے مسلمانوں کی ضرورت ہیں ،جامعہ بنوریہ عالمیہ جیسے ادارے عالم اسلام کیلئے قابل فخر ہیں ،نیوزی لینڈ مسجد پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے ، دہشتگرد کو شوٹرکہنا عالم اسلام کے ساتھ عالمی میڈیا کی دشمنی کا واضح ثبوت ہے،عالم اسلام کو اب متحد ہونے کی ضرورت ہےان خیالات کا اظہار مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے معروف افراد،غیر ملکی سفیروں نے جامعہ بنوریہ عالمیہ کے تحت شعبہ غیر ملکی کی سالانہ تقریب تقسیم اسنادو انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسماعیل تھے ان کا خصوصی ویڈیو پیغام چلایاگیا ،ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی سیکریٹری مذہبی امورآفتاب جہانگیر،ناظم وفاق المدارس قاری محمد حنیف جالندھری ،رئیس وشیخ الحدیث جامعہ بنوریہ ،انڈونیشاء تھائی لینڈ، فلپین سمیت دیگر ممالک کے سفارتی حکام نے خطاب کیا،جبکہ اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی ملک شہزاد اعوان ، علیم عادل شیخ سمیت دارالعلوم کراچی ، جامع رشید احسن آباد، کراچی یونیورسٹی ، این ای ڈی یونیورسٹی کے وفود اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی،تقریب میں40ممالک کے مختلف طلبہ اور تدریسی غیر تدریسی عملے میں اسناد تقسیم کی گئیں ،طلبا کا تعلق پاکستان سمیت امریکہ ،برطانیہ ،کینیڈا ،سری لنکا ،افریکا،نائجیریا،کمبوڈیاکے طلبہ شامل ہیں جامعہ بنوریہ عالمیہ کے رئیس وشیخ الحدیث مفتی محمدنعیم نے اپنے خطاب میں تمام آنے والے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ نیوزی لینڈ کا انتہائی افسوسناک واقعہ جس پر ہر مسلمان اشک بار ہے ، مغرب کا دھرا معیار دنیا کے سامنے کھل کر واضح ہوچکا ہے ، انہوںنے کہاکہ مدارس بے لوث ہوکر خدمات سرانجام دے رہے ہیں ۔