امن فاتح ، پاکستان زندہ باد، کراچی میں PSL کی خوبصورت اختتامی تقریب، صدر، آرمی چیف، وزیراعلیٰ، گورنر، وزراء سمیت نیشنل اسٹیڈیم میں اہم شخصیات کی آمد

March 18, 2019

کراچی (اسٹاف رپورٹر/ایجنسیاں)بالآخر فتح امن کی ہوئی ‘ پاکستان میں پی ایس ایل کے فائنل سمیت 8 میچوں کے انعقاد میں کسی بھی قسم کا کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا‘پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فورکا فائنل دیکھنے کیلئے عوام کا سمندرامڈ آیااورکراچی کا نیشنل اسٹیڈیم ہزاروں تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرگیا‘وہاں تل دھرنے کو جگہ نہیں تھی ‘ خوبصورت اور رنگارنگ اختتامی تقریب میں اسٹیڈیم نعرہ تکبیر اور پاکستان زندہ باز کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھا‘ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پی سی بی بالکونی میں آئے اور شائقین کو ہاتھ ہلا کر نعروں کا جواب دیا اور شکریہ ادا کیا‘میچ شروع ہونے سے قبل قومی ترانہ پڑھا گیا اور ہزاروں تماشائیوں نے آرمی چیف کے ساتھ قومی ترانے میں شرکت کی۔ تقریب سےقبل سانحہ نیوزی لینڈ میں شہید افراد سے اظہار یکجہتی کیلئے گرائونڈ میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی‘ تقریب میں گلوکار ابرار الحق، آئمہ بیگ اور فواد خان سمیت جنون بینڈ نے پرفارمنس کا شاندار مظاہرہ کر کے شائقین کے دل موہ لئے جس پر شائقین جھوم اٹھے‘ فائنل کے اختتام پر آتش بازی کا شاندار مظاہرہ کیا گیا‘ اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات ‘ پولیس اور رینجرز کے 20ہزارسے زائداہلکارتعینات‘ اسٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل فور کی اختتامی تقریب میں صدر مملکت عارف علوی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، ترجمان پاک فوج میجر جنرل آصف غفور‘وزیر مملکت داخلہ شہریار آفریدی، گورنر سندھ عمران اسماعیل ‘ وزیراعلیٰ سندھ سیدمرادعلی شاہ ‘ڈی جی رینجرز‘آئی سی سی کے سی ای او ڈیوڈ رچرڈسن ‘بلاول بھٹو زرداری ،خورشید شاہ‘ شاہد خان آفریدی ‘شیخ رشید‘ارکان صوبائی اسمبلی سمیت اہم شخصیات نے شرکت کی ‘اس موقع پر نیشنل اسٹیڈیم کراچی تماشائیوں سے کھچاکھچ بھرا ہوا تھا‘ایک اندازے کے مطابق اسٹیڈیم میں 35 ہزار تماشائی موجود تھے ‘ تقریب کا باقاعدہ آغاز چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کے خطاب سے ہوا جنہوں نے کہا کہ آج پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان فائنل ہے جو ٹیم جیتے گی وہ ٹرافی لے جائیگی تاہم ایوارڈ کےاصل حق دار کراچی والے ہیں۔ اعلی شخصیات کے خطاب کے بعد ایونٹ میں سب سے پہلے معروف گلوکار ابرار الحق اسٹیج پر جلوہ گر ہوئے اور انہوں نے اپنی پرفارمنس سے شائقین کو محظوظ کیا۔بعد ازاں لیجنڈری نازیہ حسن کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، اور ان کے مختلف گانوں پر پرفارمنس پیش کی گئی۔ان کے بعد فواد خان نے پاکستان سپر لیگ کے رواں برس کے ٹائٹل سانگ پر پرفارمنس پیش کرکے شائقین کو محظوظ کیا۔ایشیا کے معروف میوزیکل بینڈ جنون نے بھی پی ایس ایل کی اختتامی تقریب میں اپنی پرفارمنس سے محظوظ کیا۔اس کے علاوہ انہوں نے میوزیکل بینڈ وائٹل سائنز کے مشہور ملی نغمے دل دل پاکستان پر بھی پرفارمنس دی۔فائنل کیلئے اسٹیڈیم کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ،سندھ رینجرز، سندھ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے 20 ہزار سے زائد اہلکار سکیورٹی پر تعینات رہے۔سندھ پولیس اور سندھ رینجرز نے اسٹیڈیم اور اس کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت اطراف کی سکیورٹی سنبھال لی جبکہ اسٹیڈیم کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی۔