نابینا افراد کا آج لیاقت باغ چوک میں احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان

March 18, 2019

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) پنجاب حکومت کے زیر اہتمام آج سے راولپنڈی سمیت صوبہ بھر میں ہفتہ صفائی کا آغاز ہو رہا ہے‘ صوبائی وزیر اطلاعات صمام بخاری کو راولپنڈی کی تقریب کیلئے نامزد کیا گیا ہے۔ ادہر نابینا افراد نے بھی آج لیاقت باغ چوک میں صبح 8بجے احتجاجی دھرنا کا اعلان کر دیا ہے جسے روکنے کیلئے کوشش کی جا رہی ہے کیونکہ صوبائی وزیر نے مری روڈ کا بھی دورہ کرنا ہے۔ صدر پنجاب بلائنڈ یونین نبیل ستی کے مطابق نابینا معذور افراد کی بھرتیوں‘ سیاسی مداخلت اور مطالبات کی عدم منظوری پر آج لیاقت باغ چوک پر دھرنا دیا جائیگا۔ انہوں نے نابینا افراد کو مستقل اور بھرتیوں کیلئے ایک فیصد کوٹہ پر عمل کا مطالبہ کیا۔ ادہر ڈپٹی کمشنر راولپنڈی چوہدری محمد علی رندھاوا نے نابینا افراد کے احتجاج کا نوٹس لیتے ہوئے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کی ڈیوٹی لگائی ہے کہ نابینا افراد کے نمائندوں سے رابطہ کر کے اُنکے جائز مسائل حل کریں تاہم رات گئے تک احتجاج کی کال واپس نہیں لی گئی تھی۔