وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے

March 18, 2019

تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا فیصلہ کرنے والے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنے کپتان وزیراعظم عمران خان کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے۔

وزیراعظم عمران خان کے ایکشن کے بعد فیصلہ تو واپس لیا ہی اب ملاقات میں بھی وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی صفائی پیش کی۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کے مطابق عثمان بزدار نے عمران خان سے ملاقات کی،جس میں تنخواہ،مراعات میں اضافے کے فیصلے پر وضاحت پیش کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم سے کہا کہ تنخواہیں اور مراعات میں اضافہ کرنا ان کا اپنا نہیں پوری پنجاب اسمبلی کا فیصلہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں تو وزیراعظم عمران خان کی کفایت شعاری اور سادگی کے وژن سے مکمل طور پر متفق ہوں۔

افتخار درانی کے مطابق تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کے بل کے ذمہ دار صرف عثمان بزدار نہیں ہیں،وزیراعلیٰ پنجاب نے عمران خان کو اضافہ واپس لینے کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا۔

گزشتہ دونوں پنجاب اسمبلی نے وزیراعلیٰ ،وزراء اور اراکین کی تنخواہوں،مراعات میں اضافے کا بل صرف 24 گھنٹوں کے اندر منظور کرلیا تھا۔

وزیراعظم عمران خان نے پنجاب اسمبلی کی اس پھرتی پر ردعمل کا اظہار کیا ان کے حکم کے بعد بل پر عمل درآمد روک دیا گیا۔