انٹرچینج کی تعمیر کے بعد تھانہ کھنہ کی عمارت کیلئے سکیورٹی مسائل

March 19, 2019

اسلام آباد(ایوب ناصر،خصوصی نامہ نگار) کھنہ انٹرچینج کی تعمیر کے بعد تھانہ کھنہ کی عمارت کیلئے سکیورٹی مسائل پیدا ہو گئے ہیں اور پولیس ملازمین کی زندگیاں خطرات کی زد میں آگئی ہیں۔ اپنی مدد آپ کے تحت پرانے پل کے قریب تعمیر کئے گئے دو کمرے انٹر چینج کی زد میں آگئے ہیں اور انہیں مسمار نہ کئے جانے کی وجہ سے انٹر چینج کا ایک لوپ نامکمل پڑا ہے پولیس کے ایک سینئر افسر سے جب اس سلسلے میں تبادلہ خیال کیاگیا تو انہوں نے خدشات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تھانے کی حفاظت کےلئے ہمہ وقت الگ نفری کی ضرورت ہوگی وگرنہ پولیس کو سکیورٹی مسائل ہونگے۔ اس ضمن میں جب اسلام آباد پولیس کے اعلیٰ افسران سے رابطہ کیاگیا تو معلوم ہوا ہے کہ تھانہ کھنہ کی نئی عمارت کی تعمیر کےلئے سرکاری جگہ کی تلاش جاری ہے جبکہ پی سی ون کےلئے بھی متعلقہ فورم پر کوششیں جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق چیف کمشنر اسلام آباد عامر علی احمد نے کورال انٹر چینج کےقریب واقع تھانہ کورال کی عمارت کو بھی کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔