ورلڈکپ کرکٹ، پاک بھارت مقابلے کے ٹکٹس کیلئے 4 لاکھ درخواستیں

March 20, 2019

کراچی (جنگ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈیو رچرڈسن نے واضح کردیا ہے کہ ورلڈکپ میں پاکستان اور بھارت کا میچ طے ہے۔ اس بڑے ٹاکرے کیلئے ٹکٹس کی مانگ میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ میگا ایونٹ کیلئے ٹکٹس کی فروخت جمعرات 21مارچ سے شروع ہورہی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق مجموعی طور پر 8لاکھ نشستوں کیلئے 30لاکھ سے زائد درخواستیں آچکی ہیں۔ 16جون کو مانچسٹر میں شیڈول پاک بھارت میچ دیکھنے کے خواہشمندوں کی تعداد چار لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ اسٹیڈیم میں صرف 25 ہزار لوگوں کی گنجائش ہے۔ فائنل سے بھی زیادہ لوگ اس میچ کو دیکھنا چاہتے ہیں۔ آئی سی سی کے مطابق ویب سائٹ پر پہلے آؤ پہلے پاؤ کی بنیاد پر ٹکٹ دئیے جائیں گے۔10 ممالک کے درمیان ورلڈکپ کا آغاز 30 مئی سے ہو رہا ہے۔