پاکستان ہائی کمیشن لندن میں نیوزی لینڈ کے شہیدوں کیلئے دعائیہ اجتماع

March 20, 2019

لندن (جنگ نیوز) پاکستان ہائی کمیشن لندن میں گزشتہ روز نیوزی لینڈ کی دو مساجد کے شہدا کے درجات کی بلندی اور متاثرین فیملیز سے اظہار یکجہتی کیلئے دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں برٹش پاکستانیوں اور میڈیا نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر پاکستانی ہائی کمشنر نفیس ذکریا نے اپنی تقریر میں نیوزی لینڈ میں نمازیوں پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کے اس بیان کا حوالہ دیا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور دہشت گردی کو اسی تناظر میں دیکھنا چاہئے، انھوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اور پاکستان میں ہر طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ دہشت گرد کے اس حملے کی مذمت کرتے ہیں، انھوں نے شرکا کو بتایا کہ انھوں نے نیوزی لینڈ کے سفارت خانے جاکر تعزیتی کتاب پر دستخط کئے اور شہیدوں کی یاد میں پھول رکھے، انھوں نے کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ وہاں بڑی تعداد میں شہیدوں کے ساتھ یکجہتی اور ورثا کے ساتھ تعزیت کیلئے وہاں آئے ہوئے تھے۔ انھوں نے خاص طورپر اس سانحہ کے بعد سوگوار خاندانوں تک پہنچنے کے حوالے سے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن کے کردار کی تعریف کی۔ ہائی کمشنر نے اس موقع پر حکومت اور پاکستانی عوام کی جانب سے نیوزی لینڈ کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔